صدر ٹی آر ایس ، کے سی آر پر تنقیدوں کی مذمت

حیدرآباد 26 ڈسمبر ( سیاست نیوز )ٹی آر ایس کے سینئر قائد اور سابق وزیر کے سری ہری نے تلگودیشم تلنگانہ ارکان اسمبلی ای دیاکرراو اور ایم نرسمہلو کی جانب سے ٹی آر ایس سربراہ چندرا شیکھر راو پر کی گئی تنقیدوں کی مذمت کی ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے

کڈیم سری ہری نے دونوں قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی آر ایس اور اس کے سربراہ کے خلاف اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسئلہ پر غیر واضح موقف کے باعث عوام میں تلگودیشم کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ عوامی ناراضگی سے بچنے کیلئے نرسمہلو اور دیاکر راو ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کے سی آر کے اس بیان کو دوہرایا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد تلگودیشم کا وجود تلنگانہ سے ختم ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ میں پارٹی کی مقبولیت کے بارے میں غلط فہمی کا شکار ہیں اور وہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر مناسب انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی مخالفت کررہے ہیں ۔ سری ہری نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے پرنب مکرجی کمیٹی کو تلنگانہ کے حق میں مکتوب روانہ کیا تھا لیکن مرکز کے فیصلہ کے بعد اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے ۔ سری ہری نے واضح کیا کہ ٹی آر ایس کو آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت سے انتخابی مفاہمت کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔