صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے محمد فاروق حسین کانگریس امیدوار

ٹی آر ایس کو اکثریت ، کانگریس اور برسر اقتدار پارٹی کا مجلس سے ربط
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کونسل صدر نشین کے عہدے کے لیے مسٹر محمد فاروق حسین کو کانگریس پارٹی کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2 جولائی کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدر نشین کا انتخاب کرنے کے لیے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں صدر کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا کی صدارت میں پارٹی کے اہم قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں کانگریس کے قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی کونسل کے قائد اپوزیشن مسٹر ڈی سرینواس ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کونسل میں عددی طاقت کے لحاظ سے کانگریس کو اکثریت تھی تاہم کانگریس کے 5 ، تلگو دیشم کے 2 اور ٹیچرس زمرے کے 2 ارکان کونسل کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد کانگریس اقلیت میں آگئی اور حکمران ٹی آر ایس اکثریت میں آگئی کونسل میں اب ٹی آر ایس کے 16 کانگریس کے 12 تلگو دیشم کے 4 مجلس کے 2 اور ایک گریجویٹ کوٹہ کارکن ہے ۔ صدر نشین کے انتخاب کیلئے ٹی آر ایس کے پاس اکثریت ہے اور ٹی آر ایس کو مجلس سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ کانگریس بھی صدر نشین کے انتخاب کو کسی بھی صورت میں بلا مقابلہ بنانے کے حق میں نہیں ہے کانگریس بھی مجلس سے ربط میں ہے اور تلگو دیشم کی بھی تائید حاصل ہونے کی امید کررہی ہے ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس پارٹی اپنی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ وہ ایک تیر سے دو نشانے لگانے کی تیاری کررہی ہے ۔ انتخاب میں حصہ لینے سے کامیابی نا ہونے کی صورت میں انتخاب بلا مقابلہ نہیں ہوگا اور رائے دہی ہوگی اس کیلئے کانگریس پارٹی وہپ جاری کرے گی ۔ کانگریس کے جو 5 ارکان جو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اگر وہپ کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو کانگریس کو ان کی رکنیت منسوخ کرنے کیلئے صدر نشین کونسل سے نمائندگی کرنے کا جواز مل جائے گا ۔ آج کے اجلاس میں مسلم طبقہ سے مسٹر فاروق حسین اور ایس سی طبقہ سے مسٹر پربھاکر کے نام پر غور کیا گیا باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدر نشین کونسل کیلئے مسٹر محمد فاروق حسین کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔۔