صدر تحریک انصاف عمران خان کی 14اگست کو حلف برداری

پارٹی کا بیان ‘ اکثریت کے حصول کی کوششیں جاری ‘ تحریک کے قائد نسیم الحق کا انٹرویو

اسلام آباد ۔ 29جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف برداری ملک کے یوم آزادی 14اگست سے قبل انجام پائے گی ۔ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا کہ وہ چھوٹی پارٹیوں اور آزاد ارکان کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کیلئے درکار تعداد کے حصول کی کوشش میں مصروف ہیں ۔ حالانکہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر 25جولائی کے انتخابات میں ابھر آئی ہے ۔ تاہم اسے تشکیل حکومت کیلئے درکار اکثریت حاصل نہیں ہے ۔ تحریک کے قائد نسیم الحق نے کل رات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درکار اکثریت حاصل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا کام کردیاہے اور وزیراعظم کی حیثیت سے عمران خان 14 اگست سے قبل حلف اٹھالیں گے ۔ مکمل ابتدائی نتائج کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کو 115 نشستیں حاصل ہوچکی تھی تاہم یہ تعداد اکثریت سے 12کم تھی ۔ پاکستان مسلم لیگ نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی نے علی الترتیب 64 اور 43 نشستیں حاصل کی ہیں ۔ پاکستان کی قومی اسمبلی پارلیمنٹ کا ایوان زیریں جملہ 342 نشستوں پر مشتمل ہے جن میں سے 272 نشستوں کیلئے راست انتخابات ہوتے ہیں ۔ پارٹی صرف اُس وقت حکومت تشکیل دے سکتی ہے جب کہ اسے جملہ 172 نشستیں حاصل ہوجائیں ۔ دریں اثناء سیاسی سرگرمیاں پورے عروج پر ہیں اور پارٹیاں کھلے اور خفیہ اجلاس دیگر ارکان کے ساتھ منعقد کررہی ہے ۔ تاکہ سیاسی شطرنج میں کامیابی حاصل کرسکیں ۔ پاکستان کی دو بڑی پارٹیاں پی پی پی اور پی ایم ایل ( نواز) کو توقع ہے کہ ایک دو دن میں اپنا اجلاس منعقد کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کریں گی ۔روزنامہ ’ڈان ‘ نے اس کا انکشاف کیا ۔