صدرنشین کونسل کا انتخاب منسوخ کرنے کا مطالبہ

گورنر کو کانگریس کی یادداشت ‘ کے سی آر پر سازش کا الزام
حیدرآباد۔30 جون ( پی ٹی آئی) کانگریس نے گورنر سے آج درخواست کی کہ تلنگانہ قانون سازکونسل کے چیرمین کے انتخاب کو منسوخ کیا جائے اور الزام عائدکیا کہ حکمراں ٹی آر ایس ‘کونسل میں چیرمین کے عہدہ پر غیر اخلاقی طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے مطابق کونسل کو اپنا چیرمین منتخب کرنا ہوگا ۔ سابق متحدہ آندھراپردیش قانون سازکونسل کے ڈپٹی چیرمین این ودیا ساگر فی الحال صدرنشین کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ صدرنشین کے انتخاب کیلئے کونسل کا اجلاس 2جولائی کو طلب کیا گیا ہے ۔ کانگریس کے پانچ ارکان کونسل حال ہی میں ٹی آر ایس میں شامل ہیں جس سے کانگریس ارکان کی تعداد گھٹ کر 12ہوگئی ہے ۔کانگریس نے اپنے منحرف ارکان کو نااہل قرار دینے کی درخواست بھی دی ہے ۔ کونسل میں کانگریس کے لیڈر ڈی سرینواس نے کہا ’’ اس غیر جمہوری عمل سے ہم گورنر کو باخبر کرچکے ہیں ‘ ہم نے دیکھا کہ حال ہی میں کس طرح انحراف ہوا ہے ۔ آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہحکومت نے یہ انحراف کروایا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مقننہ کا سیشن بمشکل 10دن قبل ختم ہوا ‘ آپ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ صدرنشین کے انتخآب کیلئے صرف دو دن کی نوٹس پر کس افسوسناک صورتحال میں یہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے ‘‘ ۔ گورنر کو پیش کردہ یادداشت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے آدمی کو صدرنشین بنانے اور منحرف ارکان کی نااہلی لیت و لعل میں رکھنے کیلئے ایک منصوبہ بنائے ہیں جس پر عمل کیا جارہا ہے اور اس سازشی منصوبہ کے مطابق ہی صدرنشین کے انتخاب کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔