صدرنشین وقف بورڈ نے عیدگاہ میرعالم میں انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد ۔ 3۔جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالفطر کے انتظامات کے بارے میں عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کی ۔ انہوں نے انتظامات کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور کہا کہ موسم کے اعتبار سے تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے زائد شامیانوں کی تنصیب اور پینے کے پانی کے مناسب انتظامات کی بطور خاص ہدایت دی ۔ عیدگاہ کے راستہ میں رکاوٹوں اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے بلدیہ اور ٹریفک پولیس کو پابند کیا گیا ہے تاکہ مصلیوں کو عیدگاہ پہنچنے میں دشواری نہ ہو۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ انتظامات پر مسلسل نظر رکھیں اور منگل تک تمام انتظامات کو قطعیت دے دی جائے ۔ عیدگاہ میں پولیس اور وقف بورڈ کی جانب سے خصوصی شامیانہ نصب کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ نماز عیدالفطر 10 بجے صبح ادا کی جائے گی۔ خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ نماز سے قبل عیدگاہ کی سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے عیدگاہ کے اطراف کے علاقوں میں 10 سے زائد مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا ہے۔