صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ عیدگاہ میرعالم

نماز عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ، گرمی کے پیش نظر زائد شامیانوں اور کولرس کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 27۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ عیدگاہ میر عالم کا دورہ کرتے ہوئے عید الفطر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کو ہدایت دی کہ ہر سال کی طرح عید الفطر کے موقع پر نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ پولیس ، جی ایچ ایم سی ، واٹر ورکس ، برقی ، ہیلتھ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے علاوہ وقف بورڈ کے عہدیدار بھی اس دورہ میں شریک تھے۔ مقامی رکن اسمبلی معظم خاں کے علاوہ اراکین بلدیہ نے عیدالفطر کے انتظامات کے سلسلہ میں تجاویز پیش کی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت عیدالفطر کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔گرمی کی لہر کو دیکھتے ہوئے عیدگاہ میر عالم میں شامیانوں کا زائد انتظام کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ گرمی سے بچنے کیلئے کولرس اور پینے کے پانی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ میرعالم میں لاکھوں فرزندان توحید عیدالفطر کی ادائیگی کیلئے آتے ہیں اور حکومت انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر قائد ہے اور وہ تمام مذاہب کے عید تہوار سرکاری طور پر منانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ رمضان المبارک کا چیف منسٹر کافی احترام کرتے ہیں اور انہوں نے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کرنے کیلئے رمضان گفٹ پیاکٹس کا آغاز کیا ہے ۔ غریب علاقوں کی مساجد میں دعوت افطار کے علاوہ غریبوں میں رمضان گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ محمد سلیم نے محکمہ برقی کو ہدایت دی کہ عیدالفطر کے دن نماز کے موقع پر بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ عیدگاہ میرعالم میں موبائیل جنریٹرس کو تیار رکھا جائے تاکہ برقی سربراہی کے خلل کی صورت میں فوری بحال کیا جاسکے ۔ انہوں نے ٹریفک پولیس عہدیداروں سے کہا کہ عیدگاہ کے روبرو ٹریفک کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ مصلیوں کی صفیں سڑک تک پھیل جاتی ہے۔ انہوں نے شدید گرمی کے پیش نظر سڑک پر شامیانوں کی تنصیب کی تجویز پیش کی ہے۔ محکمہ واٹر ورکس کی جانب سے وضو اور پینے کے لئے ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالفطر صبح 10.00 بجے ادا کی جائے گی ۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا ۔ محمد سلیم نے کنٹراکٹرس کو ہدایت دی کہ کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ اس دورہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک بابو راؤ ، ڈپٹی کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ڈی سمن راؤ اور دوسرے شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک بابو راؤ نے بتایا کہ عیدگاہ کے اطراف 10 مقامات پر پارکنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ عیدگاہ کے راستہ پر غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی اور لاریوں کو ہٹانے کا انتظام کیا جائے گا تاکہ مصلیوں کیلئے کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں سے خواہش کی جائے گی کہ وہ اپنے طور پر غیر مجاز قبضے ختم کرلیں۔ آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ 24 انسپکٹرس کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے ۔