صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل انتخاب کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

ٹی آر ایس کے امیدواروں کی کامیابی یقینی، چیرمین کیلئے سوامی گوڑ کے نام کا غور
حیدرآباد۔/29جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے نئے صدرنشین کے انتخاب کیلئے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اس طرح کونسل کے صدرنشین اور نائب صدرنشین کے عہدوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے۔ قانون ساز کونسل کے 9ارکان کی گذشتہ دنوں ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد ایوان میں ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل ہوچکی ہے۔ جن ارکان نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ان میں کانگریس کے 5، تلگودیشم 2 اور ٹیچرس زمرہ کے2ارکان شامل ہیں۔ ایوان میں اکثریت کے حصول کے بعد ٹی آر ایس نے صدرنشین کونسل اور نائب صدر نشین کے عہدوں کیلئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی ملاقات کے بعد گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اعلامیہ جاری کیا۔ گورنر کے اعلامیہ کے مطابق یکم جولائی کو صدرنشین کے عہدہ کیلئے نامزدگیاں داخل کی جانی ہیں اور 2جولائی کو نئے صدرنشین کا انتخاب ہوگا۔ اس سلسلہ میں 2جولائی سے تلنگانہ قانون ساز کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق صدرنشین اور نائب صدرنشین کے عہدے ٹی آر ایس کو حاصل ہوں گے۔ فی الوقت کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن این ودیا ساگر راؤ انچارج صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ متحدہ آندھرا پردیش کی کونسل میں نائب صدر نشین کے عہدہ پر فائز تھے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کے صدرنشین سی چکرا پانی آندھرا پردیش کونسل سے وابستہ ہوگئے۔ ریاست کی تنظیم جدید قانون کے مطابق نائب صدر نشین کو تلنگانہ کے انچارج صدرنشین کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گذشتہ دنوں تک کانگریس پارٹی کو 17ارکان کے ساتھ اکثریت حاصل تھی تاہم 5ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد کانگریس ارکان کی تعداد گھٹ کر 12ہوگئی۔ حال ہی میں گورنر کے کوٹہ میں ریاستی وزیر این نرسمہا ریڈی اور راملو نائیک منتخب ہوئے۔ اس طرح ایوان میں ٹی آر ایس ارکان کی تعداد بڑھ کر 16ہوگئی۔ تلگودیشم کے دو ارکان نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اور تلگودیشم سے وابستہ مزید دو تا تین ارکان کونسل ٹی آر ایس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ اس طرح صدرنشین و نائب صدر نشین کے عہدہ پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ صدرنشین کے عہدہ پر ٹی آر ایس این جی اوز کے سابق قائد سوامی گوڑ کے نام پر غور کررہی ہے۔ امکان ہے کہ انچارج صدرنشین ودیا ساگر 2جولائی سے قبل اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے، ان کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں ٹی آر ایس کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔