صحت کے چند اُصول

 

سب جانتے ہیں کہ صحت دنیا کی سب سے بڑی دولت ہے لیکن عجیب بات ہے کہ ہم اس دولت کی حفاظت نہیں کرتے ۔ کسی کے پاس چند روپے بھی ہوتے ہیں تو وہ انہیں سنبھال کر رکھتا ہے اور انہیں دیکھکر خوش ہوتا ہے لیکن ہم صحت جیسی دولت پاکر خوش نہیں ہوتے اور اس کی اس طرح حفاظت نہیں کرتے جس طرح ہمیں کرنی چاہئے ۔ ہم ذیل میں صحت کے متعلق چند اصول درج کرتے ہیں ۔

خوراک : اپنی روزمرہ غذا میں پورے آٹے کی روٹی ‘ دودھ ‘ سبز پتوں والی ترکاریاں (اُبلی ہوئی اور کچی ) اور تازہ پھل‘ خاص طور سے سنگترہ ‘ سیب ‘ لیمو وغیرہ اور ٹماٹر شامل رکھیں ۔
پانی : ۔ پانی جراثیم سے پاک ہونا چاہئے ۔ باسی اور گندا پانی پیٹ کو نقصان پہنچاتا ہے ۔ پانی خوب پیجئے ‘ یہ قدرت کی بہت بڑی نعمت ہے اور پھر تقریباً مفت لیکن کھانے کے دوران میں زیادہ پانی پیجئے ۔ کھانے سے ایک دو گھنٹہ پہلے یا دو گھنٹے بعدپانی کا استعمال بہتر رہتا ہے ۔
تازہ ہوا : بند کمروں میں رہنے سے پرہیز کیجئے ‘ جہاں تک ممکن ہو کھڑکیاں کھول کر سوئیں لیکن یہ احتیاط کیجئے کہ ہوا سیدھی آپ کے جسم سے نہ ٹکرائے ۔ روشن دانوں کا استعمال اس لحاظ سے بہتر رہتا ہے ۔ تازہ ہوا ہمارے پھیپھڑوں کیلئے نعمت ہے کیونکہ اس میں آکسیجن کی افراط ہوتی ہے اور ہماری زندگی کا دارومدار اسی گیس پر ہے ۔
دھوپ اور روشنی : گرمی زیادہ پڑتی ہے اس لئے موسم گرما میں ہم کھلی دھوپ میں نہیں بیٹھ سکتے لیکن جاڑوں میں دھوپ میں بیٹھنا مفید ہے ۔ اپنی جلد پر دھوپ پڑنے دیجئے ۔ ایسے مکانوں میں نہ رہئے جہاں کسی وقت بھی دھوپ نہ آتی ہو ۔ روشنی نہ کم ہونی چاہئے اور نہ بہت تیز ۔