صحت کے اُصول

سب جانتے ہیں کہ صحت دنیا کی سب سے بڑی دولت ہے لیکن عجیب بات ہے کہ ہم اس دولت کی حفاظت نہیں کرتے ۔ کسی کے پاس چند روپے بھی ہوتے ہیں تو وہ انہیں سنبھال کر رکھتا ہے اور انہیں دیکھکر خوش ہوتا ہے لیکن ہم صحت جیسی دولت پاکر خوش نہیں ہوتے اور اس کی اس طرح حفاظت نہیں کرتے جس طرح ہمیں کرنی چاہئے ۔
خوراک : اپنی روزمرہ غذا میں پورے آٹے کی روٹی ‘ دودھ ‘ سبز پتوں والی ترکاریاں (اُبلی ہوئی اور کچی ) اور تازہ پھل‘ خاص طور سے سنگترہ ‘ سیب ‘ لیمو وغیرہ اور ٹماٹر شامل رکھے ۔
پانی: پانی جراثیم سے پاک ہونا چاہئے ۔ باسی اور گندا پانی پیٹ کو نقصان پہنچاتا ہے ۔ پانی خوب پیجئے ‘ یہ قدرت کی بہت بڑی نعمت ہے ۔
تازہ ہوا : بند کمروں میں رہنے سے پرہیز کیجئے ‘ جہاں تک ممکن ہو کھڑکیاں کھول کر سوئیں لیکن یہ احتیاط کیجئے کہ ہوا سیدھی آپ کے جسم سے نہ ٹکرائے ۔تازہ ہوا ہمارے پھیپھڑوں کیلئے نعمت ہے ۔
دھوپ اور روشنی : موسم گرما میں ہم کھلی دھوپ میں نہیں بیٹھ سکتے لیکن جاڑوں میں دھوپ میں بیٹھنا مفید ہے ۔ اپنی جلد پر دھوپ پڑنے دیجئے ۔ایسے مکانوں میں نہ رہئے جہاں کسی وقت بھی دھوپ نہ آتی ہو۔