صحت مند زندگی برقرار رکھنا ہر انسان کا فرض

ڈاکٹر یسریٰ ہیلت و حجامہ کلینک کا افتتاح، مولانا نصیر الدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/28فبروری، ( پریس نوٹ ) مولانا نصیر الدین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر شخص کو صحت مند زندگی عطا کی ہے، اس صحت مند زندگی کو برقرار رکھنا ہر انسان کا فرض ہے،حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی بتائی ہوئی ہدایتوں پر عمل کرتے ہوئے ہم صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔ مولانا نصیر الدین قدیم ملک پیٹ ریس کورس روڈ پر ڈاکٹر یسریٰ ہیلت کیر حجامہ اینڈ پالی کلینک کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے یہ بات کہی۔ کلینک کا افتتاح جناب شیخ محبوب کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ ابتداء میں ڈاکٹر توفیق احمد ڈائرکٹر نے مہمانوں اور اطباء کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر صدر الدین شاہد موظف آر ایم او نظامیہ جنرل ہاسپٹل نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی اور یونانی طریقہ علاج کی اہمیت اور احادیث کے علاوہ حجامہ کے طریقہ علاج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ حکیم سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت آندھرا پردیش نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے نوجوان اطباء کو مشورہ دیا کہ وہ یونانی میڈیسن پر عبور حاصل کرتے ہوئے یونانی طریقہ علاج پر علاج معالجہ کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو ایمرجنسی میں ایلوپیتھی علاج وقتی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر توفیق احمد اور ڈاکٹر یسریٰ سلطانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ طب یونانی کی ترقی و ترویج کیلئے یونانی مفرد ادویات اور مرکب دواؤں پر علاج کریں گے اس کے ساتھ ساتھ حجامہ کو عام کرنے کیلئے اپنے مطب پر خصوصی انتظامات کریں تاکہ جن بیماریوں کا علاج ادویات سے نہ ہورہا ہو ان کو حجامہ کے ذریعہ دور کریں۔ حکیم سید غوث الدین نے کہا کہ آج کل نہ صرف امریکہ، ساؤتھ آفریقہ، سعودی عرب بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی حجامہ کے ذریعہ علاج ہورہا ہے اور ماڈرن ڈاکٹرز اس پر سائنٹفک طریقہ سے علاج کررہے ہیں۔ اس موقع پر اطباء اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں قابل ذکر ڈاکٹر ہاجرہ بیگم، ڈاکٹر جبین فاطمہ، ڈاکٹر ممتاز بیگم، ڈاکٹر جویریہ عرشین، ڈاکٹر کوثر فاطمہ، ڈاکٹر منیر فاطمہ، ڈاکٹر سعدیہ کوثر، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر زاہد، ڈاکٹر آصف علی، ڈاکٹر عماد، ڈاکٹر خضر، ڈاکٹر ہدایت قابل ذکر ہیں۔ آخر میں ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔