صحابہ کرام منبع رشد و ہدایت، تعلیمات پر عمل آوری ضروری

میلاد کمیٹی معین آباد کے جلسوں سے علماء کا خطاب
حیدرآباد۔/13نومبر، ( راست ) روئے زمین کی بابرکت و مقدس ہستیاں انبیاء کرام ہیں۔ ان کے بعد جن کا رتبہ اعلیٰ و ارفع ہے صرف خاتم النبین ؐ کے صحابہ کرامؓ ہیں۔ ہر صحابیؓ منبع رشد و ہدایت ہے۔ اگر کوئی مسلمان ایک صحابی کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہوجائے تو وہ ہدایت و ولایت کو پالیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار موضع بلکا گوڑہ میں میلاد کمیٹی معین آباد کے پندرہ روزہ خطابات سلسلہ وار فضائل صحابہ ؓ و اہل بیت اطہار ؓ کے آخری اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مولانا الحاج سید شاہ عزیز اللہ قادری نقشبندی ( شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ ) نے کیا۔ معین آباد میلاد کمیٹی کے یہ سلسلہ وار خطابات موضع بلکا گوڑہ قطب الدین گوڑہ چھوٹی سنگارم، بڑی سنگارم، چلکور، حمایت نگر، معین آباد اور نول کٹہ وغیرہ میں منعقد ہوئے جہاں مولانا محمد جہانگیر علی قادری، مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی، مولانا حافظ سید فاروق محی الدین، مولانا رضوان پاشاہ قادری لاابالی، مولانا الحاج محمد سعید الدین قادری محمودی، مولانا محمد صابر حسین ، مولانا سید مدثر احمد قادری نقشبندی وغیرہ نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ کمسن قاری محمد خلیل الدین، محمد شاکر حسین، مولانا قاری جہانگیر عالم، مولانا قاری عطاء الرحمن وغیرہ نے قرأت کلام پاک پیش کیا۔ عقیل احمد عقیل پٹواری معین آباد، زعیم ذومرہ، حافظ وقاری مولانا احسن علی احتشام، مولانا حافظ سید مدثر احمد نظامی نقشبندی ، محمد علیم الدین، محمد صادق حسین و دیگر نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ محمد منہاج الدین، محمد احمد، محمد عبدالرؤف، محمد پاشاہ، محمد ریاض الدین، محمد عارف الدین اور میلاد کمیٹی کے اراکین نے مہمانوں کا استقبال و شکریہ ادا کیا۔