صحابہ کرام ؓستاروں کے مانند ، ان کی اتباع ہدایت وکامرانی کی ضامن

مکہ مسجد میں جاری تعارف اسلام کلاسیس میں مفتی صادق محی الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( فیاکس ) : حضور اکرم ﷺ نے فرمایا میرے صحابہؓ ستاروں کی مانند ہیں تم جن کی بھی اتباع کروگے ہدایت پاؤ گے جنہوں نے ایمان کی حالت میں حضور کو دیکھا وہ صحابہ ہیں ۔ حضرت ابوبکرؓ یار غار ثور نے رسول اکرم ؐ کی معراج کی تصدیق فرمائی تو صدیق کا لقب پایا ۔ حضرت عمر کا اسلام لانا اللہ کے حبیب کی دعا کا نتیجہ ہے ۔ حضرت عثمان ذوالنورین کہلائے باب العلم حضرت علی وہ ہیں جن کے بارے میں اللہ کے رسول نے فرمایا میں علیؓ کا مولا ہوں اور میرے مولا ہیں ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین نے رفیق ملت سید غوث خاموشی ایجوکیشنل ٹرسٹ کی مکہ مسجد لائبریری ہال میں جاری تعارف اسلام کلاسیس میں عظمت صحابہ اور عظمت اہل بیت اطہار کے عنوان پر اپنے لکچر میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ جناب احسن اقبال کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوا ۔ جناب جلال عارف نے منقبت پیش کی اور کارروائی چلائی ۔ مولانا نے اپنے لکچر کو جاری رکھتے ہوئے کہا خلفائے راشدین کے علاوہ عشرہ مبشرہ میں شامل وہ صحابہ بھی ہیں جنہیں ان کی زندگی میں جنت کی بشارت دی گئی اور وہ بھی ہیں جن کا ذکر قرآن میں جابجا آیا ہے یا بہت کم آیا ہے ۔ وہ درجہ بہ درجہ صدیقیقت کے مقام پر فائز ہیں ان کی فضیلت و مرتبت کو سمجھنے کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ حضور اکرم کی رفاقت کے لیے اللہ تعالی نے اس منصب کا حامل اور اہل بناکر پیدا فرمایا ۔ ان کے بعد تابعین اور تبع تابعین کا مقام آتا ہے ۔ حضور اکرم ؐ نے فرمایا کہ سب سے بہترین و مبارک میرا زمانہ ہے ۔ عمومی عذاب نہ آنے کی وجہ ایک تو یہ ہے کہ حضورؐ کے پردہ فرمانے کے بعد یہ جگہ رحمت ہے اور یہ بھی کہ جب تک لوگ استغفار کرتے رہیں گے عذاب نہیں آئے گا ۔ مفتی صادق محی  الدین نے عظمت اہل بیت اطہارؓ کے بارے میں فرمایا کہ اہل بیت اطہارؓ کا مفہوم محدود نہیں بلکہ حضور اکرمؐ کی ساری ازواج اور آپؐ کی اولادیں سب کی سب اس میں شامل ہیں ۔ کتاب و سنت اور کتاب و عترت کی دو روایتیں جو ملتی ہیں ۔ نثار حسین نے اس کی تفسیر میں کہا ہے کہ مقصود کلام تو یہی ہے کہ کتاب اللہ اور سنت سے روشنی حاصل کی جائے جو میری عترت ہوگی وہ میری سنت کا عملی نمونہ ہوگی ۔ حضرات حسنین سے آپؐ کو کتنی محبت تھی ۔ اہل سنت و الجماعت اسی راہ اعتدال پر گامزن ہے ۔ ان عظمت و احترام بھی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔۔