شیوسینا کی تنقید کی اہمیت کم کرنے کی کوشش دوستانہ مشورہ ہونے کا بی جے پی ترجمان پرکاش جاودیکر کا بیان

نئی دہلی 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اپنی حلیف شیوسینا کی شدید تنقید کے بعد بھی بظاہر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی جے پی نے اِس کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اِسے ایک دوستانہ مشورہ قرار دیا اور کہاکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان دیرینہ وابستگی ہے۔ جبکہ شیوسینا نے بی جے پی پر راج ٹھاکرے کے ساتھ دوستی بڑھانے کو ’’اعتماد کی قلت‘‘ پیدا کرنا قرار دیا۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہاکہ اُنھوں نے (سامنا میں) یہ مضمون پڑھا ہے۔ یہ تاریخی حوالے دیتا ہے۔ شیوسینا کی دیرینہ دوستی اور بی جے پی کے ساتھ خلوص کا تذکرہ کرتا ہے۔ چنانچہ اِس کی نوعیت دوستانہ مشورے کی ہے۔ یہ بی جے پی کے خلاف نہیں ہے۔ جہاں تک بی جے پی اور شیوسینا کی دوستی کاسوال ہے، پارٹی پہلے ہی غلط فہمیوں کا ازالہ کرچکی ہے اور اب کوئی اختلافات باقی نہیں ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے مستقل حلیف ہیں اور مہاراشٹرا میں کامیابی کے لئے جدوجہد کریں گے۔ 35 سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے۔ اُن کے یہ تبصرے اُس وقت منظر عام پر آئے جبکہ شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے اپنے ترجمان ’’سامنا‘‘ میں سخت لب و لہجہ والے اداریہ میں بی جے پی کی راج ٹھاکرے زیرقیادت مہاراشٹرا نو نرمان سینا کے ساتھ دوستی بڑھانے پر سخت تنقید کی ہے اور بی جے پی کو اتحاد کا دھرم نبھانے کا مشورہ دیا ہے۔