شیشہ و تیشہ

طالب خوندمیری
نیا سال!
آنا تھا جسے ، وہ تو بہرحال آیا
اندیشے کئی دِل میں نئے ڈال آیا
ارزانیاں پہلے ہی سے پژمردہ تھیں
مہنگائیاں خوش ہیں کہ نیا سال آیا
………………………
منتھلی پاس !
استاد نے طالب علموں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا! اگر کوئی لڑکا ایک بار گرلز ہاسپٹل گیا تو 100 روپئے جرمانہ ادا کرنا ہوگا … !
دوسری دفعہ … 250 روپئے
تیسری دفعہ … 400 روپئے
شاگرد : سر ! Monthly Pass کتنا ہے !
محمد افتخار علی ۔ اندول
………………………
معاف کرنا…!
٭ پارٹی میں دیر سے آنے کی وجہ بتاتے ہوئے ایک دوست نے میزبان دوست سے کہا : ’’معاف کرنا ! ، ایک ضروری کام تھا ، تم تو جانتے ہی ہو کہ میں جو کام بھی کرتا ہوں اس میںاتنا ڈوب جاتا ہوں کہ پھر مجھے ہوش ہی نہیں رہتا‘‘۔
میزبان دوست جو کافی غصہ میں تھا بولا : ’’تو پھر تم کنواں کھودنے کا کام کیوں نہیں کرتے…!!‘‘
ڈاکٹر فوزیہ چودھری ۔ بنگلور
………………………
بڑا شاعر…!
٭ کچھ نقاد حضرات اردو کے ایک شاعر کی مدح سرائی کر رہے تھے، ان میں سے ایک نے کہا۔’’صاحب کیا بات ہے، بہت بڑے شاعر ہیں، اب تو حکومت کے خرچ سے یورپ بھی ہو آئے ہیں‘‘۔
ہری چند اختر نے یہ بات سنی تو نہایت متانت سے کہا ’’جناب اگر کسی دوسرے ملک میں جانے سے کوئی آدمی بڑا شاعر ہو جاتا ہے تو میرے والد صاحب ملکِ عدم جا چکے ہیں لیکن خدا گواہ ہے کہ کبھی ایک شعر بھی موزوں نہیں کر سکے‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
برادرانہ جذبہ!
٭ ایک دوست نے دوسرے دوست سے کہا : یار آج میں نے انسانیت کے جذبہ کے تحت ایک گدھے کو ٹرین کی زد میں آنے سے بچالیا؟
دوست نے یہ سن کر کہا : اس کو انسانیت کا جذبہ اور برادرانہ جذبہ بھی کہہ سکتے ہیں؟
طلحہ ، فائزہ ، طاحہ ۔ گلبرگہ شریف
………………………
میں بھی …!
شوہر بیوی سے : فرض کرو میں اچانک مرگیا تو تمہارا کیا ہوگا ؟ تم کہاں رہو گی ؟
بیوی ( سوچ کر ) : میری چھوٹی بہن کے ساتھ رہ لونگی …!اور فرض کرو میں مرگئی تو تمہارا کیا ہوگا ؟ تم کہاں رہو گے ؟
شوہر ( اطمینان سے ) میں بھی تمہاری چھوٹی بہن کے ساتھ رہ لونگا ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
………………………
’’میری جان ‘‘
٭ شوہر کو کھانا کھاتے وقت بھی ہاتھ میں ناول پڑھتے دیکھ کر بیوی باورچی خانہ سے باہر نکل کر ناول چھیننے کی کوشش کرنے لگی ۔ شوہر نے بیوی کو ناول نہ دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا : ’’میں یہ تمہیں کیسے دے سکتا ہوں ؟، یہی تو میری جان ؟ ‘‘
کیا کہا ؟ بیوی نے آنکھیں پھاڑکر پوچھا : یہ تمہاری جان ہے تو میں کیا ہوں ؟ میں کیا ہوں تمہاری ؟
’’تم میری جان کی دشمن ہو ! ‘‘ شوہر نے کہا ۔
رضیہ قادر حسین ۔ ٹولی چوکی
………………………
معاف کیجئے !
٭ ایک پارٹی میں ایک صاحب نے اپنے پاس کھڑے ہوئے آدمی سے کہا : ’’کیا زمانہ آگیا ہے ؟ ذرا سامنے بیٹھے لڑکے تو دیکھو کیسی پوشاک پہنی ہے ، بالکل لڑکی معلوم ہوتا ہے ‘‘
اس آدمی نے ذرا ناراض ہوکر کہا :’’صاحب وہ میری لڑکی ہے ‘‘۔
معاف کیجئے ! مجھے معلوم نہیں تھا کہ آپ اس کے باپ ہیں ؟‘‘
’’کیا کہاں آپ نے ؟ میں اُس کا باپ نہیں ، اُس کی ماں ہوں ‘‘۔
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………