شیشہ و تیشہ

شاداب بے دھڑک مدراسی
سکۂ رائج الوقت
ماسٹرپیس ہوں بے دھڑک طرز کا
معنی شادابؔ رکھتا ہوں ہر رمز کا
کیش کرلو مجھے پھر نہ ہاتھ آؤں گا
سکۂ رائج الوقت ہوں طنز کا
………………………
محمد حامد سلیم حامدؔ ۔جدہ
کنجوس کا خون
اک شیخ کو کنجوس نے خوں اپنا جب دیا
خوش ہو کے شیخ جی نے کی اک مرسڈیز عطا
پھر ایک بار شیخ کو درکار خوں ہوا
لالچ میں کار کی وہی کنجوس خوں دیا
لیکن یہ کیا کھجور کی چھوٹی سی ٹوکری
تحفے میں اب کی بار تھی کنجوس کو ملی
پوچھا جو شیخ سے کے یہ کیا معاملہ حضور
اس وقت کار کی عطا ، اس بار بس کھجور
بولے یہ شیخ جی کہ میاں روٹھتا کیوں ہے
اب میری رگوں میں بھی تو کنجوس کا خوں ہے
………………………
ہم پانچ …!
لڑکا : دادی کیا ہم ہمیشہ پانچ ہی رہیں گے ؟ آپ ، ممی ، پاپا ، باجی اور میں ۔
دادی : نہیں بیٹا ! تیری شادی ہوجائے گی تو ہم چھ ہوجائیں گے ۔
لڑکا : پھر باجی کی شادی ہوجائیگی تو ہم پھر پانچ ہوجائیں گے ۔
دادی : پھر تجھے بچہ ہوجائے گا تو ہم پھر چھ ہوجائیں گے ۔
لڑکا : پھر آپ مرجائیں گی تو ہم پھر پانچ ہوجائیں گے ۔
دادی : ستیاناس ہوجاؤ رے مردے تیرا ، نکل سامنے سے …!
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
ڈرپوک تھوڑی ہوں…!
٭ شوہر بیوی سے : ’’بیگم رات کو گھر میں چور گُھس آئے اورنہ صرف سارا سامان لے گئے بلکہ انھوں نے مجھے باندھ کر مارا پیٹا بھی…‘‘
بیوی : آپ نے شور کیوں نہیں مچایا ؟
شوہر : ’’واہ بھلا میں کوئی ڈرپوک ہوں جو شور مچاتا …!!‘‘
مبشر سید۔ چنچلگوڑہ
………………………
ہر بار …!؟
٭ ایک پرانی کھٹارا ماروتی 800 کار کی نیلامی ہورہی تھی ۔ بولی کا آغاز پندرہ 15 لاکھ روپئے سے ہوا۔
دوسرے شخص نے 20 لاکھ کہا
تیسرے شخص نے 40 لاکھ
چوتھے شخص نے 60 لاکھ
ایک شخص وہاں سے گذر رہا تھا ۔ اُس نے یہ بولی سُن کر کہا !کیا یہ سب لوگ پاگل ہوئے ہیں جو اس کھٹاری گاڑی کیلئے اتنی زیادہ بولی لگارہے ہیں ؟
بولی لگانے والا : جناب ! اس گاڑی کے اب تک 23 حادثات ہوچکے ہیں اور ہر بار صرف بیوی ہی مری ہے …!!
شوہر : اس کی تو …!!
ایک کروڑ ……!!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
………………………
خامی …!
٭ جگر مراد آبادی کے ایک شعر کی تعریف کرتے ہوئے ایک زندہ دل نے ان سے کہا:’’حضرت، آپ کی غزل کے ایک شعر کو لڑکیوں کی ایک محفل میں پڑھنے کے بعد میں بڑی مشکل سے پٹنے سے بچا ہوں‘‘۔
جگر صاحب ہنس کر بولے: ’’ عزیزم ! میرا خیال ہے کہ شعر میں کوئی خامی رہ گئی ہوگی، وگرنہ یہ کسی طرح ممکن نہ تھا کہ آپ کو مارا پیٹا نہ جاتا‘‘۔
ابن القمرین۔ مکتھل
………………………
کیا کروں …؟
بیوی : مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے کل سے ایک شخص میرا پیچھا کررہا ہے ۔
شوہر : اُس کے لئے اتنا ڈرنے کی کیا ضرورت ہے ؟ آپ کے بیاگ میں پانی کا باٹل ہے …؟
بیوی : جی ہاں
شوہر : بس ! اس بار اگر پیچھا کرے تو پانی سے فوری اپنا چہرہ دھولینا ، میک اپ جانے کے بعد وہ خود ڈر کے بھاگ جائے گا …!!
محمد مسعود علی ۔ اندول
………………………