شیشہ و تیشہ

یاور علی محورؔ
تیڑھی چال …!
ہاکا ہورہا ہے شیروں کا
بزدلوں کا دھمال ہے سو ہے
ہے بڑا شوق مرد بننے کا
اُن کی تیڑھی وہ چال ہے سو ہے
………………………
ڈاکٹر سید خورشید علی ساجدؔ
گُلوں کی تازگی…!
میرے خوں کا ہی یہ کرشمہ ہے
ہے گُلوں پر جو تازگی یارو
جیسے بُلبل گلوں پہ مرتی ہے
ویسے اُن سے ہو عاشقی یارو
………………………
فرید سحرؔ
غزل (طنز و مزاح)
یہ حکومت جو زعفرانی ہے
زندگی اپنی امتحانی ہے
بڑی مشکل میں زندگی ہے
جس طرف دیکھو بے ایمانی ہے
میری غزلوں میں جو روانی ہے
میرے استاد کی نشانی ہے
روز ہوتی ہے کِرکِری گھر میں
خوبصورت جو نوکرانی ہے
صرف صورت سے وہ نہیں لگتا
چال بھی اُس کی کچھ زنانی ہے
ہٹے کٹے ہیں آج بوڑھے ہی
نوجوانوں میں ناتوانی ہے
چیز کوئی نہیں یہ معمولی
’’میری شادی کی شیروانی ہے‘‘
لُوٹ ، مار اور گھپلے جاری ہیں
دیش کی اپنے یہ کہانی ہے
ہر کوئی ہے غلام بیوی کا
یہ روایت بہت پُرانی ہے
رنگ گورا سحرؔ ہے اُن کا مگر
ناک چپٹی ہے خاندانی ہے
………………………
یہ کون ہے … ؟
٭ طنز و مزاح کے شہنشاہ سلیمان خطیب علیل ہوئے اور شریک دواخانہ تھے تو کچھ احباب اُن کی عیادت کے لئے آئے ۔ اس دوران ایک نرس آئی اور اپنے فرائض کی ادائی کے بعد واپس چلی گئی ۔
سلیمان خطیب اپنے احباب سے مخاطب ہوئے کہ یہ کون ہے ؟
احباب نے جواب میں کہاکہ ’’ یہ ایک نرس ہے اُن کاکام مریضوں کی خدمت کرنا ہے ۔ یہ زندگی بھر کنواری رہتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیتی ہیں اور ان کو “NUN” کہا جاتا ہے ۔
سلیمان خطیب نے برجستہ کہا :
“NUN FOR NONE”
’نن جو کسی کیلئے بھی نہیں‘
حافظ محمد وحیدالدین عاصم ۔مشیرآباد
………………………
اس وقت …!
٭ ایک شخص کی بیوی فوت ہوگئی ۔ اس کی تدفین سے چند گھنٹوں قبل اس کے ایک دوست نے اس کے آنسو پونچھتے ہوئے کہا : یار …! میں تمہارے لئے اس وقت کیا کرسکتا ہوں ؟ ‘‘
وہ شخص ( بھرائی ہوئی آواز میں کہا ) :’’ میرا لیپ ٹاپ لادو ‘‘۔
دوست : کیوں …؟
شخص : مجھے Facebook پر اپنا Status سنگل کرنا ہے …!!
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
اتنا بڑا …!
بچہ : ممی میں کب اتنا بڑا ہوجاؤں گا کہ آپ سے پوچھے بغیر جب چاہے جہاں چاہے میں آجا سکوں …؟
ماں : بیٹا اتنے بڑے تو ابھی تمہارے پاپا بھی نہیں ہوئے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
خیال نہیں رہا …!
بیٹی نے ماں سے کہا : ماں ! میں رات دو بجے تک پڑھتی رہی ہوں …!
ماں نے حیرت سے کہا : رات بھر کرنٹ نہیں تھا ، نا …؟
لڑکی بولی : پڑھنے میں اتنا مصروف تھی کہ مجھے اس کا خیال ہی نہیں آیا ۔
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………