شیشہ و تیشہ

تاج محل !
حاکم وقت نے یہ کیسا ہندوستان کر دیا
بے زبان عمارتوں کو بھی ہندو مسلمان کر دیا
ہم سوچتے تھے تاج محل ہندوستان کا ہے
آج پتا چلا کہ یہ مسلمان کا ہے
………………………
تجمل اظہرؔ
احساسِ انا …!
دھوپ ڈھلتی ہے تو سایوں کو بڑھادیتی ہے
پست قامت کو بھی احساسِ انا دیتی ہے
بے شعوروں کو یہاں سر پہ بٹھاکر دنیا
ہوشمندوں کو نگاہوں سے گرادیتی ہے
………………………
ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادقؔ
گھر واپسی!
اُن کا گانا بھی گانا کتے
گھر کو واپس بھی آنا کتے
جس میں سب ہوں برابر میاں
کاں ہے ایسا گھرانا کتے
………………………
سرفراز شاہد ؔ
غزل
وہ لوگ ساگ دال سے آگے نہیں گئے
جو لقمۂ حلال سے آگے نہیں گئے
تحفے میں مانگتے ہیں وہ سونے کے زیورات
خود ریشمی رومال سے آگے نہیں گئے
’’ بلو کی گھر ‘‘ کی راہ پر اب بھی ہیں گامزن
جو لوگ بھیڑ چال سے آگے نہیں گئے
ان راشیوں میں ان کو فرشتہ صفت کہو
جو حد ’’ اعتدال ‘‘ سے آگے نہیں گئے
سولہ کے بعد عمر کو تھوڑی بہت بڑھی
لیکن وہ بیس سال سے آگے نہیں گئے
ان کو بھی میل جول میں ’’ وقفہ ‘‘ پسند تھا
اور ہم بھی بول چال سے آگے نہیں گئے
شاہدؔ مزاح گوئی کا دعویٰ انھیں بھی ہے
جو حد ’’ اعتدال ‘‘ سے آگے نہیں گئے
………………………
ترجیح …!
٭ ایک شخص اپنے دوست سے : یار میرے دانتوں میں بہت درد ہے اور میں چاہ رہا ہوں کہ میرے دانتوں کا علاج صرف لیڈی ڈینٹسٹ سے کراؤں ۔
دوست : لیکن لیڈی ڈینٹسٹ سے ہی علاج کیوں کروانا چاہتے ہو …؟
اس لئے یار کیونکہ وہی ایک عورت ہے جو منہ بند کرنے کیلئے نہیں بلکہ منہ کھولنے کیلئے کہتی ہے ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
………………………
کتنے براعظم ہیں؟
ٹیچر : دنیا میں کتنے براعظم ہیں ؟
طلباء : چار
ٹیچر : کون کون سے ؟
طلباء : (1 قائد اعظم ، (2 مغل اعظم ، (3 سکندرآعظم اور (4 اکبر اعظم …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
………………………
تمہارا خیال …!
شوہر : ایسا لگتا ہے کہ تمہارا بیٹا میرے جیب سے پیسے نکال رہا ہے ؟
بیوی غصے سے : اس بیچارے کا نام کیوں لے رہے ہو میں بھی تو تمہارے جیب سے پیسے نکال سکتی ہوں …!
شوہر : تمہارا خیال اس لئے نہیں آیا کیونکہ جیب میں ابھی کچھ چلر باقی ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
تیز ترین…!
٭ ایک امریکی اور ایک ہندوستانی بچے کے درمیاں لفظی جنگ ہو رہی تھی ۔دونوں کا خیال تھا کے اس کا باپ دنیا کا تیز ترین آدمی ہے ۔
دیکھو ! امریکی بچے نے کہا : ’’میرا باپ 500 گز دور نشانے پر فائر کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہی دوڑ پڑتا ہے اور گولی کے نشانے پر پہنچنے سے پہلے وہ نشانے تک پہنچ جاتا ہے ۔
بس . . . ! ! ! ہندوستانی بچے نے کہا۔ :’’ میرا باپ سرکاری ملازم ہے۔ دفتر سے چھٹی 4 بجے ہوتی ہے ، چھٹی کرتے ہی وہ گھر لوٹتا ہے اور ساڑھے تین بجے وہ گھر پہنچ جاتا ہے ‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
اسپتال آگے ہے …!
٭ ایک شاعر جو ’’زخمی‘‘ ؔ تخلص رکھتے تھے ، ایک دن اپنے دوست کے گھر گئے . دروازے پر دستک دینے پر اندر سے آواز آئی . ’’ کون ہے ؟‘‘
شاعر نے جواب دیا .’’ زخمیؔ !‘‘
جواب ملا : ’’اسپتال آگے ہے جناب ! ‘‘
مرزا عثمان بیگ ۔ممتاز باغ
………………………