شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
اندر کی بات !
ووٹوں سے کہ نوٹوں سے کہ لوٹوں سے بنے ہے
یہ راز ہیں ایسے جنہیں کھولا نہیں کرتے
جمہوریت اک طرزِ حکومت ہے کہ جس میں
اندر کی جو باتیں ہیں ٹٹولا نہیں کرتے
………………………
مرسلہ : محمد رشید
دورِ جدید …!
اکبر الہ آبادی کی تقریبا 90 برس قبل کی پیش گوئی ملاحظہ کریں جس میں انہوں آج کی موجودہ جدید جاہلیت کی ہو بہو منظر کشی کی تھی ۔
یہ موجودہ طریقے راہی ملک عدم ہونگے
نئی تہذیب ہوگی اور نئے سامان بہم ہوں گے
نئے عنوان سے زینت دکھائیں گے حسیں اپنی
نہ ایسا پیچ زلفوں میں نہ گیسو میں یہ خم ہوں گے
نہ خاتونوں میں رہ جائے گی پردے کی پابندی
نہ گھونگھٹ اسطرح سے حاجب روئے صنم ہوں گے
بدل جائے گا انداز طبائع دور گردوں سے
نئی صورت کی خوشیاں اور نئے اسباب غم ہوں گے
خبر دیتی ہے تحریک ہوا تبدیل موسم کی
کھلیں گے اور ہی گل ‘زمزمے بلبل کے کم ہوں گے
عقائد پر قیامت آئے گی ترمیم ملت سے
بہت ہوں گے مغنی نغمہء تقلید یورپ کے
مگر بے جوڑ ہوں گے اس لئے بے تال و سم ہوں گے
ہماری اصطلاحوں سے زباں نا آشنا ہو گی
لغات مغربی بازار کی بھاشا سے ضم ہوں گے
بدل جائے گا معیار شرافت چشم دنیا میں
زیادہ تھے جو اپنے زعم میں وہ سب سے کم ہوں گے
گزشتہ عظمتوں کے تذکرے بھی رہ نہ جائیں گے
کتابوں ہی میں دفن افسانہ جاہ وحشم ہوں گے
کسی کو اس تغیر کا نہ حس ہوگا نہ غم ہوگا
ہوئے جس ساز سے پیدا اسی کے زیر و بم ہوں گے
تمہیں اس انقلاب دہر کا کیا غم ہے اے اکبرؔ
بہت نزدیک ہیں وہ دن کہ تم ہوگے نہ ہم ہوں گے
………………………
صورت دیکھی ہے …!
٭ ایک منچلے نوجوان نے لڑکی کو چھیڑتے ہوئے کہا : ’’آئی لو یو ‘‘
لڑکی نے جواب میںکہا : ’’صورت ‘‘ دیکھی ہے …؟
لڑکے نے کہا : ’’نہیں …! بس ایک بار احمدآباد تک گیا ہوں …!!‘‘۔
………………………
پھول کی کلی …!
٭ ایک صاحب کی نئی نئی شادی ہوئی تھی ۔ اور انھوں نے علی الصبح اپنی سوئی ہوئی بیوی پر پانی ڈال دیا ۔
بیوی گھبراکر اُٹھ بیٹھی اور غصہ سے سوال کیا : ’’پانی کیوں ڈالا ؟‘‘
شوہر : ’’آپ کے والد نے کہا تھا کہ دامادجی ، میری بیٹی پھول کی کلی ہے اسے مرجھانے مت دینا ، اسی لئے !!‘‘ ۔
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
چھوٹی سی خبر …!
٭ ایک عورت کے شوہر کاانتقال ہوا تو وہ انتقال کی خبر اخبار میں شائع کرنے کیلئے اخبار کے دفتر گئیں ۔ وہاں خبر کی اشاعت کے سلسلے میں ایڈیٹر نے500 روپئے مانگیں تو عورت نے جواب دیا میری یہ چھوٹی سی خبر ہے کہ ’’زید صاحب کا انتقال ہوا ‘‘ کیلئے اتنی بڑی رقم کیوں ؟تو ایڈیٹر نے جواب دیایہ کم سے کم رقم ہے اس میں ایک اور چھوٹی سی خبر بھی شامل کرنے کی گنجائش ہے ۔ آپ چاہیں تو اس خبر میں اضافہ کرکے دے سکتی ہیں ۔ عورت نے اطمینان سے کہا : ہاں لکھو ! زید صاحب کا انتقال ہوگیا ، ان کی اسکوٹر برائے فروخت ہے …!!
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
اُلو کی شکل …!
٭ باس : (ملازم سے) کبھی اُلو کی شکل دیکھی ہے ؟
ملازم:سر نیچے جھکا کر۔ نہیں سر ! سوری !
باس : نیچے کیا دیکھ رہے۔ ادھر میری طرف دیکھو…!
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
پتہ نہیں !
٭ ایک چرسی تیسری منزل سے نیچے گر گیا… لوگ اسکے گرد جمع ہوگئے اور پوچھا …کیا ہوا بھائی ؟
چرسی بولا : پتہ نہیں میں خود ابھی آیا ہوں …
شیخ فہد ۔ رائچور
………………………