شیشہ و تیشہ

علامہ اسرار جامعیؔ
فنکار…!
وزن کتنا ہے کسی فنکار کا
یہ پتہ چلتا ہے کیسے اور کب
سُن کے یہ اسرارؔ بولے جان لیں
جب اُٹھاتے ہیں اُسے کاندھوں پہ تب
……………………………
شیخ احمد ضیاءؔ شکرنگر
غزل (مزاحیہ)
جس نے محفل کو ہنسایا دیر تک
وہ مگر خود ہنس نہ پایا دیر تک
فائدہ بیگم سے لڑنے کا ہُوا
کوئی مہماں ٹک نہ پایا دیر تک
میں نے بیگم کو سنائے شعر جب
اُس نے سر اپنا کھجایا دیر تک
قرض دے کر میں نے جب مانگی رقم
کچھ نہ بولا مسکرایا دیر تک
بن بلائے آگیا دعوت میں کل
اور کمر کس کر وہ کھایا دیر تک
ہے دعا اس دور کے داماد کی
ساس کا رکھ سر پہ سایہ دیر تک
بھوکے بچے تھک کے آخر سوگئے
باپ اُن کا سو نہ پایا دیر تک
غزلیں غالبؔ کی ضیاءؔ کے نام سے
ایسا شاعر چل نہ پایا دیر تک
………………………
نمک پارے
محکمہ موسمیات : ایسا نجومی جس کی ہر پیش قیاسی اُلٹی ہوتی ہے ۔
محکمہ پولیس : جسے ہرواردات کی اطلاع پہلے سے ہوتی ہے ۔
ملازم سرکار : جسے تنخواہ صرف حاضری کی ملتی ہے ۔ ہر فائیل کی قیمت علحدہ ۔
عدالت : وعدہ پے وعدہ جو کبھی وفا نہیں ہوتا
محکمہ ACB: چیونٹی پکڑنا ہاتھی چھوڑنا۔
محکمہ بلدیہ : کھایا پیا اور چل دیا۔
آر ٹی سی : اندر سفر کرنا محفوظ سامنے سفر کرنا موت کو دعوت دینا ۔
ہوائی سفر : ہوئے مرکے ہم جو رسواء ہوئے کیوں نہ غرقِ دریا ، نہ کبھی جنازہ اُٹھتا نہ کہیں مزار ہوتا ۔
قادری ۔ حیدرآباد
………………………
تاخیر کی وجہ !
٭ بارش کی وجہ سے لیٹ آنے والے طالب علم سے استاد نے تاخیر کی وجہ پوچھی تو اس نے یوں بیان کیاکہ:
’’ بارش کی وجہ سے پھسلن بہت زیادہ تھی وہ ایک قدم آگے بڑھاتا تو دو قدم پیچھے چلا جاتا‘‘۔
لیکن پھر وہ اسکول کیسے پہنچا ؟استاد نے حیرانی سے پوچھا۔
تنگ آکے سر جی میں نے منہ گھر کی طرف کر لیا تھا !شاگرد نے اطمینان سے جواب دیا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
اتنے چھوٹے …!
٭ ایک شخص ایک ہیرکٹنگ سلون میں گیا اور حجام سے بولا ’’بال چھوٹے کردو ‘‘
حجام پوچھا ’’کتنے چھوٹے کروں‘‘
وہ شخص تھوڑا سونچ کر بولا ’’اتنے چھوٹے کاٹو کہ میری بیوی کے مُٹھی میں نہ آئے ‘‘۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
………………………
وہ گڈا نہیں …!
٭ جاپان کے ایک کھلونا اسٹور میں گاہک نے سیلزمین سے پوچھا : ’’اس گلدستہ کی کیا قیمت ہے ؟‘‘ ۔
پندرہ ڈالر سیلز مین نے جواب دیا ۔
گاہک نے پوچھا وہ بھالو ڈانس کررہا ہے ؟
18 ڈالر سیلزمین نے جواب دیا !
گاہک کارنر میں جو گڈا کھڑا ہے اس کی قیمت؟
سیلزمین ’’پچاس لاکھ ڈالر !‘‘
گاہک گھبراکر پوچھا اس میں کیا خوبی ہے؟
سیلزمین ! وہ گڈا نہیں بلکہ اس اسٹور کے مالک ہیں !!
ایم اے وحید رومانی ۔ پھولانگ ، نظام آباد
………………………
ایک ایک سانس !
گرل فرینڈ ( اپنے بوائے فرینڈ سے ) : میری ایک ایک سانس پہ ایک ایک لڑکا مرتا ہے …!
بوائے فرینڈ : تو تم کوئی اچھا سا ٹوتھ پیسٹ استعمال کیوں نہیں کرلیتی …!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پدا پلی ، کریمنگر
………………………