شیشہ و تیشہ

بھائی جان
حال دل تم نے لکھ دیا لیکن
سب کا سب بے دھیان لکھا ہے
خط کے القاب پھر بھلا ڈالے
آج پھر مجھے بھائی جان لکھا ہے
………………………
احمد قاسمی
غزل مزاحیہ
لے کر جنون عشق پری ، حُور تک گیا
کوا اسی خوشی میں بہت دور تک گیا
چھوٹا سا واقعہ تھا بہت دور تک گیا
اک لومڑی کا ہاتھ جو انگور تک گیا
شیخی بگھارنے کا جنوں کیا ہوا سوار
چوہا اُچھل کے آگ کے تندور تک گیا
ناخن سے بار بار کھجانے کے شوق میں
چھوٹا سا زخم پھیل کے ناسور تک گیا
چوہے کو لات مار کے دیوار چڑھ گئی
بلی کا جب خیال شکمپور تک گیا
ٹھاکور اپنے ہاتھوں سے محروم ہوگئے
گبّر جو ہاتھ مانگنے ٹھاکور تک گیا
احمد کے شعر سُن کے وہ بولے غضب کے ساتھ
تنکا ہوا میں اُڑ کے بہت دور تک گیا
………………………
عجیب و غریب
٭ ضرورت سے زیادہ پرجوش ماں باپ اپنے لڑکے کے LKG میں Ist رینک لانے پر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں۔
٭ 1 1/2 ہوشیار طالب علم پہاڑ پر بیٹھ کر کتابیں پڑھتے ہوئے Higher اسٹیڈی کرتے ہیں۔
٭ 3 گھنٹے والی فلم 4 ممالک میں تیار ہوتی ہے اور 3 سال چلنے والا سیریل ایک ہی گھر میں تیار ہوتا ہے ۔
٭ کرکٹ کا دیوانہ اسے کہتے ہیں جو دوربین لگاکر TV پر میچ دیکھتا ہے ۔
خواجہ علیم الدین ۔ نلگنڈہ
………………………
احتراماً …!
٭ دفتر میں ایک نئے تقرر شدہ کلرک نے دیکھا کہ کئی فائلیں ایسی ہیں جن کو برسوں سے نہیں چھوا گیا ہے ۔ وہ کھڑے رہ کر کام کررہا تھا کہ آفس انچارج کا گذر ہوا تو پوچھا کہ بیٹھ کر کام کیوں نہیں کررہے ہو ؟
تو کلرک نے جواب دیا کہ ’’یہ فائلیں میرے باپ دادا کی عمر سے بھی قدیم ہیں اسلئے احتراماً کھڑے رہ کر کام کررہا ہوں …!!‘‘
ناشاد ۔ حیدرآباد
………………………
قانون کے خلاف!
٭ ایک عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا :
مائی لارڈ : ملزم پر الزام ہے کہ اُس نے اپنی بیوی کو چڑیا گھر(Zoo) کے گہرے تالاب میں دھکا دے کر گرادیا جس کی وجہ سے بیوی کو مگرمچھ کھا گیا۔
جج نے گرج کر کہا : کیا ! ملزم یہ بات نہیں جانتا تھا کے چڑیا گھر (Zoo) میں جانوروں کو کچھ کھلانا قانون کے خلاف اور منع ہے ۔
عبدالقدوس ، وسیم راجہ ۔ گلبرگہ شریف
………………………
خالص مضمون
استاد: سب لڑکوں نے دودھ پر دو صفحات کا مضمون لکھا ہے، اور تم نے دو سطر کا۔
شاگرد: جناب! میں نے خالص دودھ پر مضمون لکھا ہے۔
حبیب حذیفہ العیدروس ۔ ممتاز باغ
………………………
گھر کا بھیدی !
٭ ایک عورت نے اپنی سہیلی سے کہا ’’تم اپنے شوہر کو سمجھاتی کیوں نہیں ہو ، 60 سال سے اوپر کے ہوگئے لیکن اب بھی خواتین کا پیچھا کرتے ہیں ، کیا تمہیں جلن محسوس نہیں ہوتی ؟ ‘‘
’’مجھے بھلا جلن کیوں محسوس ہو ، چلتی کاروں کے پیچھے بھاگنے والے کار تو نہیں چلاسکتے نا … !!‘‘ سہیلی نے اطمینان سے جواب دیا ۔
نظیر سہروردی۔ راجیونگر
………………………
سکون کی تلاش
٭ ایک فوجی دوسرے فوجی سے ’’ تم فوج میں کیوں بھرتی ہوگئے ‘‘ عمران ؟‘‘
’’ اس لئے کہ دنیا میں میرا کوئی نہیں اور مجھے نئے نئے لوگوں سے دوستی کرنے کی عادت ہے ، اور تم کیوں شامل ہوگئے ؟ ‘‘
’’ اس لئے کہ میرے گھر میں بیوی بچوں کے علاوہ میری ساس بھی رہتی ہے اور مجھے سکون کی ضرورت ہے ‘‘۔
اکمل نواب خیردی ۔ مومن پورہ ، گلبرگہ
………………………