شیشہ و تیشہ

محمد امتیاز علی نصرتؔ
گھر واپسی …!
چُھپ کر نہ کرو ڈھونگ سرعام میں آؤ
سازش نہ رچو امن کے پیغام میں آؤ
گر چاہتے ہو اصل میں گھر واپسی تم سب
روزِ اوّل سے شروع مذہب اسلام میں آؤ
………………………
محمد یوسف الدین (نرمل )
مزاحیہ غزل
فکر لیڈر کو ووٹوں کی بڑی ہے
یہاں پر دیش کی کس کو پڑی ہے
خود غرضوں اور فرقہ پرستوں سے بچانا
ضرورت دیش کی سب سے بڑی ہے
کوئی سنتا کہاں ہے اب کسی کی
فقط نوٹوں کی یارو چل پڑی ہے
مزے سے بیچ والا بریانی کھارا
اور ووٹر کو گڑمبے کی پڑی ہے
بھلا مکاری و بے ایمانی کے رستے
کسی کی بیل کب منڈوے چڑھی ہے
سبق پڑھ تو قناعت کا غریبی
امیروں کو ہوس زر کی بڑی ہے
نہیں ہے اس میں کوئی سانچا موتی
یہ نقلی موتیوں سے مالا جڑی ہے
مرے بھائی کے سالے بریانی کھارے
مری قسمت میں کیوں باسی کڑی ہے
کسے اپنا کہیں ہم اے زمانے
یہاں ہر اک کو بس اپنی پڑی ہے
………………………
دیری کی وجہ …!
٭ ایک لڑکا کلاس میں دیر سے آیا تو ٹیچر نے غصے سے کہا تمہیں دیر کیوں ہوگئی تو لڑکے نے روتے ہوئے کہا کہ اُس کا روپیہ کا سکہ گم ہوگیا وہ ڈھونڈ رہا تھا ۔ اتنے میں ایک اور لڑکا تھوڑی دیر بعد کلاس میں آیا تو ٹیچر نے پھر غصے سے کہا ’’تم اتنی دیر سے کیوں آئے ہو تو ؟ ‘‘ اُس نے لڑکے نے کہا ’’میں اُس سکہ پر پیر رکھ کر کھڑا تھا ‘‘۔
قادری ۔ حیدرآباد
………………………
کس منہ سے …!
٭ ہائی سوسائٹی کی ایک کٹی پارٹی چل رہی تھی ۔ بہت ساری خواتین پارٹی میں موجود نئے سال کی خوشیاں اُڑا رہی تھیں۔ اُن میں سے ایک خاتون نے اپنی دوسری سہیلی سے پوچھا کہ ’’اوئے آج مسز دارو والا کیوں نہیں آئیں …‘‘
دوسری خاتون نے جواب دیا ’’کس منہ سے آتیں ، اُن کے شوہر کا تو بلیک منی کی لسٹ میں نام تک نہیں آیا … بیچارے غریب…!! ‘‘
رضیہ بیگم ، قادر حسین ۔ جاگیردار چنچولی
………………………
شادی شدہ شخص کی دُعا …!
٭ اے اﷲ ! مجھے بچپن دیا ، پھر واپس لے لیا ۔ جوانی دیا پھر لے لیا ۔ بیوی کو دیا …
تو نے بچپن اور جوانی دیا لے لیا لیکن بیوی کو دے کر کئی برس ہوگئے …!!
محمد اختر حسین ۔ سعیدآباد
………………………
وہ کون سی چیز ہے ؟
٭ ایک صاحب ( اپنے نوکر سے ) : وہ کون سی چیز ہے جو باوجود محنت کے نہیں ملتی ؟
نوکر : جناب ! میری تنخواہ …!!
سید حسین جرنلسٹ ۔ دیورکنڈہ
………………………
انعام …!
٭ نئی نویلی دلہن پہلی بار اپنے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا شوہر کو کھلانے کے بعد بڑے ناز سے کہنے لگی …!
’’ڈارلنگ ! اگرتمہاری ناچیز کنیز اسی طرح تمہارے لئے کھانا پکاتی رہے تو اسے انعام میں کیا ملے گا ؟ ‘‘
شوہر نے جواب دیا : ’’میرے بیمہ کی رقم اور وہ بھی بہت جلد …!‘‘
نظیر سہروردی ۔ راجیونگر
………………………
کتنے گھنٹے …!
٭ کسی پروڈیوسر نے شاہ رخ خان ، سلمان خان ، عامر خان کو لیکر فلم بنانے کا منصوبہ بنایا اور اپنے دوست سے مشورہ کیا ۔
دوست نے پوچھا ۔ فلم کتنے گھنٹے کی ہے ؟۔
پروڈیوسر نے کہا تین گھنٹے کی
دوست نے کہا : فلم نو گھنٹے کی ہونی چاہئے ، ہر خان کو تین گھنٹے ۔
غلام مصطفی عرشی ۔ نرمل
………………………