شیشہ و تیشہ

وحید واجدؔ
لکھ پتی …!
سارے قرضوں سے فری ہوجاؤں گا
جلد ہی میں بھی غنی ہوجاؤں گا
کالے دھن کو مودی جی لے آئیں گے
میں بھی یارو لکھ پتی ہوجاؤں گا
………………………
محمد امتیاز علی نصرتؔ
…ہم نہیں کرتے
مذہب کے نام پر ظلم و ستم ہم نہیں کرتے
وفا کی آڑ میں سیاست ہم نہیں کرتے
زمیں کی کوکھ میں بھی جاتے ہیں تو غسل کرکے
وطن کی مٹی کو ناپاک ہم نہیں کرتے
………………………
مرزا یاور علی محورؔ
غزل
پیسے گننا حساب میں رکھنا
زندگی کیوں عذاب میں رکھنا
کالا دھن پھر غریب کھاتوں میں
ایسی باتوں کو خواب میں رکھنا
قرضِ حسنہ اگر دیئے ہوں تو
اُس رقم کو ثواب میں رکھنا
جتنا بانٹے تھے آگیا واپس
سارا بکرا کباب میں رکھنا
درس اخلاق کا نہیں تو پھر
مکر و دھوکہ نصاب میں رکھنا
پرکشش اور حسین ہر برقع
صرف چہرہ نقاب میں رکھنا
کوئی کہدے شریف بوڑھوں سے
پارسائی شباب میں رکھنا
کوئی پوچھے تو جھوٹ کہنے کو
کچھ تو پانی شراب میں رکھنا
جس سے فتہ فساد ہو پیدا
تدکرے کیوں خطاب میں رکھنا
نہ ہو لہجہ خدارا نشتر سا
جیسے کانٹا گلاب میں رکھنا
پول کھل جائیگی جوانی کی
تم نہ زلفیں خضاب میں رکھنا
نہ ملے روشنائی تو محورؔ
خونِ دل تم کتاب میں رکھنا
……………………………
کیا کروگی …!
٭ میاں بیوی آپس میں باتیں کررہے تھے ، شوہر نے کہا : ’’اگر میں مرجاؤں تو تم کیا کروگی ‘‘۔
بیوی نے کہا : ’’کیا کرونگی میری ایک چھوٹی بہن ہے ، خوبصورت ہے ، سلیقہ مند ہے ، ہمدرد ہے اس کے ساتھ رہ جاؤنگی ‘‘۔
پھر بیوی نے کہا اگر میں پہلے مرجاؤں تو آپ کیا کرو گے ۔ تو شوہر نے فوری جواب دیا شادی سے آج تک ہر چیز تمہاری مرضی کہ مطابق کیا اب بھی وہی کرونگا ’’میں بھی تمہاری چھوٹی بہن کے ساتھ ہی رہ جاؤنگا ‘‘
ناشاد۔حیدرآباد
………………………
کمال ہے …!
٭ کیا آپ بھوت ، پریت ، آسیب سے ڈرتے ہیں ؟
کمال ہے …! اگر بھوت ، پریت ، آسیب سے ڈرتا تو شادی کیوں کرتا …!!
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………
خوداعتمادی…!
٭ ایک دفعہ ایک یونیورسٹی کے 6 پروفیسرس کو بلایا گیا اور اُن سے کہا گیا کہ ایک ہیلی کاپٹر میں بیٹھئے ۔ بیٹھنے کے بعد انھیں بتایا گیا کہ یہ ہیلی کاپٹر کو آپ کے طالب علموں نے بنایا ۔
یہ سن کر سارے پروفیسر اُترکر بھاگ گئے ، سوائے ایک پروفیسر کے ۔
لوگوں نے اُن سے دریافت کیا کہ آپ کی اپنے طالب علموں پر اعتماد کی کیا وجہ ہے ؟
انھوں نے جواب دیا ’’اگر یہ میرے شاگردوں کا بنایا ہوا ہے تو یہ اسٹارٹ بھی نہیں ہوگا …!!
سلطان قمرالدین خسرو ۔ مہدی پٹنم
………………………
نہیں معلوم …!
ایک دوست دوسرے دوست سے : اچھا یہ بتاؤ ایسی کونسی ڈرائیو ہے جو بغیر کسی ڈرائیو کے چلتی ہے ۔
دوست : مجھے پتہ نہیں ہے ،آپ ہی بتادو ؟
پہلا دوست : اتنا نہیں معلوم یار تم کو ’’پن ڈرائیو ‘‘…
شاذل ، ایس ایم رحمن ۔ ٹولی چوکی
………………………