شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
کچھ کہاں سب !
اک غبارستان برپا کر گئی ہیں موٹریں
گرد کی موجیں اُٹھیں اور ایک طوفاں ہوگئیں
راہرو جتنے تھے سب آنکھوں سے اوجھل ہوگئے
’’خاک میں کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہوگئیں‘‘
……………………………
فرید سحرؔ
غزل (مزاحیہ)
کسی سے عشق لڑانا کوئی مذاق نہیں
پھر اس کے ناز اُٹھانا کوئی مذاق نہیں
حسین بیوی کو پانا کوئی مذاق نہیں
اور اس کو سر پہ بٹھانا کوئی مذاق نہیں
خضاب سر کو لگانا کوئی مذاق نہیں
جوان بن کے دکھانا کوئی مذاق نہیں
غموں کو دل میں بسانا کوئی مذاق نہیں
غموں کو سہہ کے ہنسانا کوئی مذاق نہیں
کُھجانا پیٹھ تو آسان ہے اوروں کی مگر
خود اپنی بیٹھ کھجانا کوئی مذاق نہیں
وہ سوئی رہتی ہے اور میں پکا کے رکھتا ہوں
پکا کے اس کو کھلانا کوئی مذاق نہیں
یہ بات یاد رہے بلکہ اس کو لکھ لیں بھی
جہاں سے ہم کو مٹانا کوئی مذاق نہیں
ہنسانے آپ کو ہم خود پہ خوب ہنستے ہیں
مذاق خود کا اُڑانا کوئی مذاق نہیں
نکل کے آگئی ہیں جُھریّاں جو چہرے پر
اب اپنی عمر چھپانا کوئی مذاق نہیں
ہمارا لہجہ ہی پہچان ہے ہماری سحرؔ
ہمارے شعر چرانا کوئی مذاق نہیں
………………………
میٹھے نشتر!
٭ ملک کے اقلیتی ووٹ ؟
# نوٹ کی زبان سمجھتے ہیں ۔
٭ ملک میں کانگریس کی شکست کے اسباب ؟
# گرانی سے دَم گُھٹ گیا۔
٭ تلنگانہ ریاست کی علحیدگی کانگریس کا کارنامہ!
# پھر بھی تلنگانہ میں چاروں خانے چت
٭ مرکز میں مودی حکومت کا داخلہ
# آدھی حقیقت ، آدھا فسانہ ۔
٭ فلسطین جل رہا ہے ؟
# اتحاد کس چڑیا کا نام ہے ۔
غلام مصطفی عرشی ۔ نرمل
………………………
ارے پگلو…!
٭ ایک خاتون کسی گلی سے گزر رہی تھی کہ ایک شریر بچے نے ایک پٹا خہ جلا کر پھینکا جو سیدھا اُن کے کھلے ہوئے ہینڈ بیگ میں چلا گیا۔ تمام بچے چلائے:
’’ آنٹی پٹاخہ ، آنٹی پٹاخہ‘‘
خاتون نے مُڑ کر بچوں کو دیکھا اور مسکرا کر بولی۔ ارے پگلو ! اب پہلے جیسی بات کہاں ؟
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
گدھا کون ؟
٭ چرچل جب ممبر پارلیمنٹ تھے تو ایک اور ممبر سے انکی نہیں بنتی تھی۔ ایک دن وہ سڑک سے گذر رہے تھے۔ بارش کی وجہ سے پانی فٹ پاتھ پر چڑھ آیا تھا اور صرف چھوٹی سی پگڈنڈی نما جگہ سے صرف ایک آدمی گذر سکتا تھا۔ اتفاق سے سامنے سے انکا حریف ممبر پارلیمنٹ آگیا۔ دونوں انتظار میں رک گئے کہ دوسرا پہلے گذر جائے تاکہ خواہ مخواہ ٹکراؤ نہ ہو۔
تقریباً دو منٹ اسی توقف اور ہچکچاہٹ کے بعد دوسرا ممبر پارلیمنٹ پگڈنڈی سے گذرنے لگا اور بولا’’ میں گدھوں کو راستہ نہیں دیتا ‘‘
چرچل فوراً ایک سائیڈ پر ہوتے ہوئے بولے ’’ اور میں ہمیشہ گدھوں کو راستہ دے دیتا ہوں‘‘
شیخ فہد حسین ۔ چندرائن گٹہ
………………………
ہنسی کی وجہ …!
٭ نئی نویلی دلہن نے اپنے شوہر سے پوچھا، ’’میرے والد نے شادی کے موقع پر جو پچاس ہزار روپیہ کا چک تحفہ میں دیا تھا ، اسے دیکھ کر تمہارا دوست ہنس کیوںرہا تھا؟‘‘
شوہر : ’’شائد اس کی وجہ یہ ہے کہ میرا وہ دوست اس بینک میں اکاؤنٹنٹ ہے جس بینک میں تمہارے والد کا کھاتہ ہے ‘‘۔
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………