شیشہ و تیشہ

فرید سحرؔ
ایسی تیسی …!
شان جھوٹی ہی دکھاتے ہیں بڑی شان سے ہم
شان نقلی ہو تو اس شان کی ایسی تیسی
بنا ہیلمٹ کے مجھے روک لیا ظالم نے
کردیا اس نے جو چالان کی ایسی تیسی
کوئی کرتا نہیں مہمان کی عزت یارو
لوگ اب کرتے ہیں مہمان کی ایسی تیسی
بیویاں چار ہیں بچے بھی ہیں چالیس مجھے
یہ تو بُہتان ہے بُہتان کی ایسی تیسی
چھوڑکر پتنی کو پھرتا ہے اکیلا جگ میں
گر ہو پردھان تو پردھان کی ایسی تیسی
ساتھ بچوں کو وہ لے کر گئی میکے کو میاں
گھر ہے سُنسان تو سُنسان کی ایسی تیسی
اپنی ہی روٹی پہ وہ کھینچتا ہے دال سحرؔ
خود غرض ایسے اب انسان کی ایسی تیسی
………………………
کوئی بات نہیں …!
عورت ( ڈاکٹر سے ) :  آپ مجھے انجکشن مت دیجئے مجھے درد ہوگا ۔
ڈاکٹر : پھر کیا کروں ، انجکشن دینا ضروری ہے ۔
عورت : پھر تو مجھے بے ہوش کرکے انجکشن دو
ڈاکٹر : بیہوش کرنے کے لئے بھی انجکشن دینا پڑتا ہے ۔
عورت : کوئی بات نہیں ، اور دوسرا کوئی راستہ بھی تو نہیں ہے …!!
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
گواہی …!
٭  ایک دن ملا نصیر الدین کا پڑوسی ان کے پاس آیا اور کہا کہ ذرا اپنا گدھا تھوڑی دیر کے لئے دے دیں، مجھے ضروری کام سے  قریبی گاؤں جانا ہے ۔
ملا نے جواب دیا: مجھے بڑا افسوس ہے کہ میں آپ کے کام نہ آسکوں گاکیوں کہ صبح ہی ایک صاحب گدھا مانگ کر لے گئے ہیں اور ابھی تک واپس نہیں لائے۔
جس وقت ملا یہ بات کہہ رہے تھے ٹھیک اسی وقت اصطبل سے گدھے کے رینکنے کی آواز آئی، پڑوسی تاڑ گیا کہ ملا نے بہانہ کیا ہے، گدھا موجود ہے۔
اس نے ملا سے کہا:’’ میرے خیال سے گدھا اندر موجود ہے ‘‘۔
ملا نے جواب دیا:’’جو شخص ایک انسان کے مقابلے میں گدھے کی بات کا یقین کرے وہ اس لائق نہیں ہے کہ اسے کوئی چیز دی جائے، آپ تشریف لے جا سکتے ہیں ‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
وہ تو ابھی …!
٭  ایک شہری لڑکی کی شادی گاؤں میں ہوگئی ۔ کچھ دنوں کے بعد لڑکی کی ساس نے اُسے بھینس کو گھانس ڈالنے کو کہا : بھینس کے منہ میں جھاگ دیکھ کر لڑکی واپس آگئی ۔
کچھ دیر بعد ساس نے بہو سے کہا : ’’بہو تم نے بھینس کو چارا ڈال دیا ؟‘‘
بہو : نہیں ماں جی ! وہ تو ابھی برش ہی کررہی ہے …!!
مبشر سید ۔ حیدرآباد
………………………
تحفہ کی قیمت …!
٭  ایک بیوی اپنے شوہر کی سالگرہ کے موقع پر اُسے مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحفہ میں ایک خوبصورت شرٹ پیش کیا ۔
شوہر بہت خوش ہوا اور تحفہ کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے سرسری طورپر شرٹ کی قیمت پوچھی …؟
بیوی بولی : کچھ زیاد نہیں بس دو ہزار روپیہ کی ساڑی خریدنے پر مجھے یہ شرٹ فری میں ملی ہے …!!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
………………………
فرماں بردار بیوی
٭  ایک صاحب نے اپنے دوست سے کہا کہ ’’ کل رات میں نے کھانے کے بعد اپنی بیوی سے پانی گرم کرنے کیلئے کہا تو بیگم صاحبہ نے فوراً گرم کرکے رکھ دیا ‘‘ ۔
دوست نے حیران ہوکر پوچھا ’’ لیکن یار تمہیں کھانا کھانے کے بعد گرم پانی کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی ‘‘ ۔
ان صاحب نے ہچکچاتے ہوئے کہا ’’ وہ دراصل میں موسمِ سرما میں ٹھنڈے پانی سے برتن نہیں دھوسکتا نا  !!‘‘
ایس ایم حیدر ۔ بنجارہ ہلز
………………………