شیشہ و تیشہ

لفظی اُلٹ پھیر…!
٭  جوڑوں کا درد کیا ہے؟
یہ ان بیچارے جوڑوں سے پوچھئے  جو کل ڈیٹ پر نہیں جاسکے۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
عورت کی طاقت
٭  ایک خاتون خریداری کرنے شاپنگ مال میں گئی۔ کیش کاؤنٹر پر ادائیگی کرنے کے لئے اس نے پرس کھولا تو دکاندار نے خواتین کے پرس میں ٹی وی کا ریموٹ دیکھا ۔ دکاندار سے رہا نہیں گیا اس نے پوچھا۔ ’’آپ ٹی وی کے ریموٹ ہمیشہ اپنے ساتھ لے کر چلتی ہیں‘‘۔
خاتون : ’’نہیں…! ہمیشہ نہیں…!!  لیکن آج میرے شوہر نے خریداری کے لئے میرے ساتھ آنے سے انکار کر دیاتو میں TV میں مذہبی چینل لگا کے ریموٹ اپنے ساتھ لے آئی ہوں …!؟‘‘
…  کہانی ابھی جاری ہے  …
دکاندار یہ سن کر ہنستے ہوئے بولا وہ تو ٹھیک ہے لیکن میں یہ تمام سامان واپس رکھ لیتا ہوں کیوں کہ آپ کے شوہر نے آپ کا کریڈٹ کارڈ بلاک کر دیا ہے۔
سبق : اپنے شوہر کے شوق کا احترام کریں۔
لیکن کہانی ختم نہیں ہوئی ابھی جاری ہے۔
خواتین تھوڑی ہنسی پھر اپنے پرس سے اپنے شوہر کا کریڈٹ کارڈ نکالا اور تمام Billsکی ادائیگی کر دی۔ (شوہر نے بیوی کارڈ بلاک کردیا تھا پر اپنا کارڈ نہیں) ۔
سبق: ایک عورت کی طاقت کو کبھی کم نہیں سمجھنا چاہئے۔
عبداللہ محمد عبداللہ ۔چندرائن گٹہ
………………………
عورت کی زندگی …!
٭  ایک ہاتھ میں لپسٹک
دوسرے میں موبائیل
ایک کان کوکرکی سیٹی پر
دوسرا واٹس اپ کی نوٹیفکیشن پر
ایک آنکھ ٹی وی پر
دوسری شوہر کی حرکتوں پر
کون کہتا ہے عورت کی زندگی   آسان ہے ۔
سہیل شاہ ۔ محبوب نگر
………………………
جیو سم زیادہ نہیں جی سکا …!!
٭   فری خوری کے مریضوں میںجیوسم کی بے وقت موت کی خبر سے دکھ کی لہرپھیل گئی ۔ فور جی بی ڈیٹا سے ون جی بی ڈیٹا پر آئے جیو سم کے اچانک چل بسنے کی اطلاعات سے پورے ہندوستان میں دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فری خوری کی عادت سے مجبور نیٹ کے بھوکوں میں صف ماتم بچھ گئی اور نیٹ کے بیمار ہر جانب منہ بسورے ایک دوسرے کو یہی خبر سناتے ہوئے نظر آئے کہ اچانک جیو سم اپنی زیادہ مقبولیت کے بعد بھی لوگوں کو بے حساب نیٹ کے استعمال کا عادی بنا کر چل بسا۔ اب نیٹ کی عادت سے مجبور فری خور صارفین کو 99 روپئے جیوسم کے ممبر بنے رہنے کے لئے ادا کرنے پڑیں گے جب کہ 28 دن کے لئے چھے جی بی ڈیٹا کے حصول کے لئے 303 روپئے کا چارج بھی دینا ہوگا۔ ’’زور کا جھٹکا دھیرے سے لگے‘‘ کی اسکیم کا موقع دیتے ہوئے جیو سم کے فری خور صارفین کو دلاسے کی شکل میں کمپنی نے یکم اپریل 2017 تک جیو کے کریا کرم کا اعلان کیا ہے لہذا یکم اپریل تک لوٹ کھسوٹ کا مزید موقع میسر ہے۔ ایک فری خور نے اپنے ہم خوراک احباب کے لئے یہ پیغام پہنچانے کی اپیل بھی کی ہے کہ یکم اپریل 2017 تک فری خوری کا پورا پورا لطف اٹھائیں۔ بعد ازاں دیکھا جائے گا۔ جیو سم کے انتقال پر ملال کو قتل کی سازش بتاتے ہوئے ایک فری خور نے مدبرانہ انداز میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ ہندوستانی نوجوانوں کے لئے ایک سازش ہے، پہلے ان کو نشے کی طرح نیٹ کا عادی بنا کر فحاشی، گندگی، اخلاق کشی اور بے راہروی کی عادت ڈالی گئی اور اب اس فری خوری کی بے حساب عادت کے بعد صارفین کی جیب پر ڈاکے ڈالنے کا پلان ہے، ایک فری خور نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ ہم مفت خوری کرتے ہیں کسی کے احسان میں نہیں رہتے لہذا یکم اپریل کے بعد سبھی مفت خور سم توڑ کر ڈسٹ بین میں ڈال کر فری خوری کا پورا پورا ثبوت دیں گے۔
حبیب حذیفہ العیدروس ۔ ممتاز باغ
………………………