شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
ہر چند کہیں کہ ہے نہیں ہے
اِک اسم ہے کہ جس کا مسمی کہیں نہیں
ہر گوشہ ہم نے دیکھ لیا ہے اسپیس کا
ڈھونڈا اُسے بہت ہے پہ عنقا نہیں مِلا
ڈیلینگ کلرک ہوگا پرندوں کے دیس کا
……………………………
شیخ احمد اظہر (یاقوت پورہ )
مزاحیہ قطعات
آساں نہیں ہے کام یہ آغاز کرکے دیکھ
ہمت اگر ہو تجھ میں تو پرواز کرکے دیکھ
چنگیز خاں بھی ہوگا تو دورِ جدید کا
بیگم کے روبرو کبھی آواز کرکے دیکھ
……  x ……
روز پاپڑ اچار کھاتا ہے
اور جھانپڑ ہزار کھاتا ہے
حال اظہرؔ کا پوچھتے ہو کیا
گھر جنوائی ہے مار کھاتا ہے
…………………………
سلیم شیخ ( محبوب نگر)
کوئے یار میں…!
لگتا نہیں ہے دل مرا ایلورہ کے غار میں
اب ہم نہیں رہے ہیں صنم کے شمار میں
تنخواہ اپنے ساتھ رہی صرف چار دن
باقی جو دن تھے کٹ گئے سارے اُدھار میں
اُن کی گلی میں جاڑے سے شب بھر ٹھٹھرگئے
بستر میں آکے دھنس گئے سردی بُخار میں
ہر اک جگہ سے یاروں نے بکرے چرا لیے
مرغی کا چوزہ مل نہ سکا کوئے یار میں
کرکٹ کی ٹیم گھر میں ہی تیار ہے مگر
بیگم کا دل تو پھر سے ہے کھٹے اچار میں
مُجھکو خزاں کے ہاتھ میں دے کر وہ چل پڑے
اُن کا مزہ بتاؤنگا اب کی بہار میں
گر تو نہیں تو تیری سہیلی ہی آئے گی
ہولا نہیں جو پڑکے رہوں انتظار میں
بیگم نے جیتے جی ہمیں جینے نہیں دیا
ہم مرگئے تو گھستے ہیں لڑنے مزار میں
بدنام ہوکے رہ گئے دنیا میں ہم سلیمؔ
اچھی سزا ملی ہے ہمیں اُن کے پیار میں
………………………
جب تک …!
٭  ڈاکٹر کی بیوی کا آپریشن ہونے والا تھا خود ڈاکٹر صاحب ہی یہ آپریشن کرنے والے تھے ۔ ان کی مدد کے لئے دو نرسیں بھی آپریشن تھیٹر میں موجود تھیں۔ ڈاکٹر نے بیوی کو انجکشن لگاکر بیہوش کرنے کی کوشش کی، مگر بیوی پر کوئی اثر نہیں ہوا ۔ پھر ڈاکٹر نے کلوروفام سنگھاکر بیہوش کرنا چاہا ، لیکن اس کے باوجود وہ بیہوش نہیں ہوئی ۔یہ دیکھ کر ڈاکٹر صاحب بہت پریشان ہوئے ۔
اپنے شوہر ( ڈاکٹر ) کو پریشان ہوتا دیکھ کر بیوی نے کہا : ’’جب تک یہ دونوں چڑیلیں تمہارے ساتھ ہوں گی ، میں کبھی بیہوش نہیں ہوں گی …!!‘‘
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
اُداسی کی وجہ …!
٭  ایک اسکول میں اچانک آگ لگ گئی ، تمام بچے اور استاد محفوظ طریقے سے باہر آگئے ۔بچے بہت خوش تھے کہ چلو آج اسکول کی چھٹی ہوگئی ۔ لیکن ایک بچہ اُداس سا ایک طرف کھڑا تھا اُس کے استاد نے سوچا کہ شائد اس بچے کو اسکول کے جلنے کا رنج ہوا ہے ۔ انھوں نے بڑے پیار سے اس بچے سے پوچھا : بیٹا ! تم کیوں اُداس ہو ، دوسرے بچے تو اسکول میں آگ لگنے کے سبب چھٹی ملنے سے بہت خوش ہیں ۔
بچے نے بُرا سا منہ بناتے ہوئے کہا ، سر اسکول تو جل گیا مگر سارے استاد (بشمول آپ کے ) صحیح سلامت ہیں …!!
بابو اکیلا ۔ جہانگیر واڑہ ، کوہیر
………………………
مجھے شرم آتی ہے …!!
آدمی (چور سے ) : تم نے میرے جیب میں کیوں ہاتھ ڈالا …؟
چور : میاچس کی ڈبی کے لئے …!
آدمی : تم مجھ سے پوچھ سکتے تھے …؟
چور : نئے آدمی سے بات کرنے میں مجھے شرم آتی ہے …!!
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
بال بال قرض…!
٭  ایک صاحب نے اپنے دوست سے کہا کہ میرا بال بال قرض میں جکڑا ہوا ہے میں کیا کروں ؟ دوست نے جواب دیا ’ تم ایسا کرو اپنا سر منڈوالو ‘‘
ریشماں کوثر ۔ دیورکنڈہ
………………………