شیشہ و تیشہ

عنایت علی خان
اور بجلی چلی گئی…!
وہ تو چلے بھی آئے مگر جب ہوا شروع
گلشن کا کاروبار تو بجلی چلی گئی
عمر دراز مانگ کے لائے تھے چار دن
باقی تھی پونے چار کہ بجلی چلی گئی
……………………………
شاداب بے دھڑک مدراسی
سکۂ رائج الوقت
ماسٹرپیس ہوں بے دھڑک طرز کا
معنی شادابؔ رکھتا ہوں ہر رمز کا
کیش کرلو مجھے پھر نہ ہاتھ آؤں گا
سکۂ رائج الوقت ہوں طنز کا
………………………
عاصیؔ
مزہ آجائے
حلوہ گاجر کا جو لائے تو مزہ آجائے
ایسا مہمان گھر آئے تو مزہ آجائے
ان کے کلْے میں ہے پیک اور عدوسامنے ہے
چھینک ایسے میں جو آئے تو مزہ آجائے
بن کے پامسٹ میںبیٹھا ہوں دری پر سرراہ
کاش وہ ہاتھ دکھائے تو مزہ آجائے
کیسے لڑتی ہیں نگاہیں ہمیں معلوم تو ہو
کالا چشمہ وہ ہٹائے تو مزہ آجائے
بل وصولی کے لیے در پر گوالا ہے کھڑا
میرا کتا اسے کھائے تو مزہ آجائے
سر پر عاصیؔ وہ رضائی لئے گھر کو ہیں رواں
بارش ایسے میں جو آجائے تو مزہ آجائے
………………………
جدید تلفظ
٭ کُفرِ کردار … (کیفرکردار)
٭ عقیدہ کشائی … (عقدہ کشائی )
٭ اَلِم … (عَالِم)
اختر نواب ۔ وجئے نگر کالونی
………………………
آج کی لغت
پڑوسی : تم کو تم سے زیادہ جاننے والا
بیوی : شاپنگ کی دلدادہ مخلوق
ساس : تمہارے گھر کی اسکیمیں بنانے والا پرانا کمپیوٹر
سالی : بغیر سرمایہ لگائے گھر کی حصہ دار
طالب علم : مستقبل کا ڈاکو
عشق : وقت گذارنے کا بہتر طریقہ
سالگرہ : کم لاگت زیادہ بچت
امریکہ : نوجوانوں کی جنت
محمد امتیاز علی نصرت ۔ پداپلی کریمنگر
………………………
کیسے باپ ہیں؟
شوہر اپنی بیوی سے : ’’منو کو کچھ سمجھاؤ کب سے ضد کررہا ہے کہ گدھے کی سواری کرنی ہے …!
بیوی : آپ کیسے باپ ہیں ؟ بچے کی اتنی سی ضد بھی پوری نہیں کرسکتے ۔ منو کو تھوڑی دیر تک اپنی پیٹھ پر بٹھالو نا…!!!
………………………
پسند اپنی اپنی …!
ماں ( منے کے ابو سے ) : آپ میرے حلوے کو ایسے ہی ناپسند کررہے ہیں جبکہ منا اب دوسری پلیٹ مانگ رہا ہے ۔
اُدھر منا اونچی آواز میں بولا : امی ! جلدی سے حلوہ لائیں مجھے اور بھی پتنگیں جوڑنی ہیں …!!!
ڈاکٹر فوزیہ چودھری ۔ بنگلور
………………………
واحد دولت …!!
٭ میر تقی میر کی عادت تھی کہ جب گھر سے باہر جاتے تو تمام دروازے کھلے چھوڑ دیتے تھے اور جب گھر واپس آتے تو تمام دروازے بند کر لیتے تھے۔ ایک دن کسی نے وجہ دریافت کی تو انہوں نے جواب دیا۔
’’میں ہی تو اس گھر کی واحد دولت ہوں‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
قسمت کی بات …!
٭ ایک نوجوان جیوتشی کو اپنا ہاتھ دکھاتے ہوئے : بتائیے میری شادی کیوں نہیں ہورہی ہے ؟
جیوتشی ہاتھ دیکھتے ہوئے : قدرت نے تمہاری قسمت میں دُکھ اور غم ہی نہیں لکھے ہیں تو کیسے شادی ہوگی ؟
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
………………………
گرم مسالہ
استاد : (شاگرد سے ) وہ کون سی چیز ہے جو فریج میں رکھنے کے بعد بھی گرم رہتی ہے ۔
شاگرد : جناب گرم مسالہ ۔
سید حسین جرنلسٹ ۔ دیورکنڈہ
………………………