شیشہ و تیشہ

تجمل اظہرؔ
نوٹ بندی …!
نوٹ بندی میں بھی اسکام ہوگئے ہم لوگ
کالا دھن لانے میں ناکام ہوگئے ہم لوگ
ہائے اس دورِ حکومت کا خدا خیر کرے
ساری دنیا ہی میں بدنام ہوگئے ہم لوگ
………………………
بابو اکیلاؔ (کوہیر)
آزاد مزاحیہ غزل
پُرانے نوٹ لئے لائن میں کب سے کھڑا
کس کو سناؤں اب میرا یہ دُکھڑا
صبح سے شام ہوئی پھر بھی لائن میں ٹھہراہوں
پیٹ میں نہیں میرے کچھ بھی نہیں روٹی کا ٹکڑا
لائن ہی لائن بنک میرے سامنے آتا نہیں
اُس پر لوگوں کا جھگڑے پہ جھگڑا
نمبر جب آیا میرا خدا خدا کرکے
بنک والے نے کہا ختم ہوا پیسہ پھر کل آنا
………………………
ڈاکٹر سید خورشید علی ساجدؔ
طنزیہ غزل بر ’مودی‘
کیا کبھی تُونے چلائی تھی ’ریاست‘ ،مودی
کب تجھے راس یہ آئے گی حکومت،مودی
’’چائے والا‘‘ ہی بنا رہتا تو اچھا ہوتا
ڈر ہے کردے نہ یہ پبلک کہیں ’’درگت‘‘،مودی
حسبِ وعدہ تُونے لایا تو نہیں ’’کالادھن‘‘
پر دیا توڑ غریبوں پہ ’’قیامت‘‘ ،مودی
دھن جو ’’اُجلا‘‘ تھا غریبوں کا لیا سب تُو نے
بڑھ گئی اور بھی بے چاروں کی غربت،مودی
کالے دھن والے تو دن رات مزے کرتے ہیں
لُوٹ تُو نے تو غریبوں کا لیا ’ست‘،مودی
تھا ’’گداگر‘‘ کہ بنا تُو بھی ’’تونگر‘‘ اب تو
تُونے کب دیکھی تھی بتلا ہمیں دولت ،مودی
دیکھ، ’’شاسن‘‘ سے اُتارے گی تجھے پبلک خود
سوچ کیا اس سے بڑی اور ہو ’’ذلت‘‘ ،مودی
لے لے ’’سنیاس‘‘ کہ بیوی تو نہیں پاس ترے
ہاں ترے بس کا نہیں روگ حکومت ،مودی
تو کبھی ہاتھ جو آجائے یہاں ساجدؔ کے
ہوکے رہ جائے تری خوب ’’مرمت‘‘ ،مودی
………………………
گھر میں سکون اور چین کی دعا!
٭  تم بہت خوبصورت لگ رہی ہو …!
٭  کام بھی کتنا کرتی ہو …!
٭  دبلی اور چھریری ہوگئی ہو …!
٭  دن بھر کام کرکے تھک جاتی ہوگی …!
٭  اپنا خیال رکھا کرو …!
٭  تمہارے میکے والے کتنے اچھے ہیں !
٭  تمہارے میکے والے کتنے اچھے ہیں !
اس دعا کو بلاناغہ روزانہ 3 تا 4 مرتبہ گھر میں پڑھا کریں ، سکھ چین بنا رہے گا ۔
محمد اظہر ۔ ملک پیٹ
………………………
گدھا آخر گدھا ہوتا ہے …!
٭  ایک دفعہ جنگل میں گھوڑے اور گدھے کی بحث ہوئی ۔ گھوڑے نے کہا ، آسمان کا رنگ نیلا ہے جبکہ گدھے کا کہنا تھا کہ آسمان کالا ہے ۔ بات بڑھی تو گھوڑے نے کہاکہ چلو اپنے بادشاہ کے پاس چلتے ہیں ، دونوں شیر کے پاس پہنچے اور تمام قصہ سنایا ۔ شیر نے سب کچھ سننے کے بعد کہا کہ گھوڑے کو جیل میں ڈال دیا جائے ۔ گھوڑے نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ’’بادشاہ سلامت ،یہ کیسا انصاف ہے ، صحیح بھی میں ہی ہوں اور جیل بھی مجھے جانا پڑ رہا ہے ‘‘ ۔
بادشاہ نے کہا : ’’بات صحیح یا غلط کی نہیں ہے ۔ تمہارا قصور یہ ہے کہ تم نے ایک گدھے سے بحث ہی کیوں کی …!‘‘
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
عادت …!!
٭  ایک سنیما ہال کے گیٹ کیپر کے دانت میں درد ہوا تو ڈاکٹر کے پاس گیا ۔
ڈاکٹر نے پوچھا کونسے دانت میں درد ہورہا ہے …؟
تو گیٹ کیپر بولا : بالکنی میں دائیں طرف سے پانچویں نمبر پر …!!
مظہر قادری ۔حیدرآباد
………………………
کیا پہنوں؟
٭  ایک شخص اپنے دوست سے : یار مجھے آج شام میں ایک تقریب میں جانا ہے ، میں چاہتا ہوں کہ وہاں سب لوگ صرف مجھے ہی دیکھتے رہیں ، کونسا کوٹ پہنوں سمجھ میں نہیں آرہا ہے ۔ دوست : پیٹی کوٹ (Peticoat) پہن کر جاؤ تو لوگ صرف تمہیں ہی دیکھتے رہ جائیں گے …!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر۔ نظام آباد
………………………