شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
کھاد …!
چارہ جوئی کہ ضروت ہے بنی آدم کی
یہ بھی ایجاد کرے گی ہمیں معلوم نہ تھا
گھاس کا ذائقہ سبزی میں چلا آیا ہے
کھاد برباد کرے گی ہمیں معلوم نہ تھا
……………………………

لغت جدید
رئیل اسٹیٹ : اولادِ ذکور
صاحب جائیداد : بہو یا بیوی کے زیورات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقومات سے خریدے گئے مکانات کا مالک ۔
اختر نواب ۔ وجئے نگر کالونی ، حیدرآباد
………………………

قدرت کے کھیل …!
٭ مشہور ہسپانوی رقاصہ کیرولین اوٹیر سے کسی شخص نے طنزیہ پوچھا :
’’عورتیں حسین ہوتے ہوئے احمق کیوں ہوتی ہیں؟‘‘
رقاصہ نے برجستہ کہا : قدرت عورت کو حسن اس لئے دیتی ہے کہ مرد اس سے محبت کرے اور اسے احمق اس لئے بناتی ہے کہ وہ مرد سے محبت کرسکے …!!!
………………………

کہاں ہوتے …؟
٭ ایک خاتون جو بڑی اچھی مقررہ تھیں ایک جلسے میں تقریر کررہی تھیں۔ تقریر کا موضوع ’’عورت کی برتری ‘‘ تھا ۔ تقریر کرتے کرتے وہ جوش میں آکر بولیں : ’’میں پوچھتی ہوں ان مردوں سے اگر عورت نہ ہوتی تو وہ کہاں ہوتے ؟‘‘
پیچھے سے آواز بلند ہوئی ’’جنت میں !!‘‘
ڈاکٹر فوزیہ چودھری ۔ بنگلور
………………………

نہیں جانتا…!!
٭ آغا حشر کاشمیری کے شناساؤں میں ایک ایسے مولوی صاحب بھی تھے جنکی فارسی دانی کو ایرانی بھی تسلیم کرتے تھے، لیکن یہ اتفاق تھا کہ مولوی صاحب بیکاری کے ہاتھوں سخت پریشان تھے، اچانک ایک روز آغا صاحب کو پتہ چلا کہ ایک انگریز افسر کو فارسی سیکھنے کیلئے اتالیق درکار ہے۔ آغا صاحب نے بمبئی کے ایک معروف رئیس کے توسط سے مولوی صاحب کو اس انگریز کے ہاں بھجوا دیا، صاحب بہادر نے مولوی صاحب سے کہا۔
“ویل مولوی صاحب ہم کو پتہ چلتا کہ آپ بہت اچھا فارسی جانتا ہے۔”
مولوی صاحب نے انکساری سے کام لیتے ہوئے کہا۔ “حضور کی بندہ پروری ہے ورنہ میں فارسی سے کہاں واقف ہوں۔”

صاحب بہادر نے یہ سنا تو مولوی صاحب کو تو خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے رخصت کر دیا، لیکن اس رئیس سے یہ شکایت کی انہوں نے سوچے سمجھے بغیر ایک ایسے آدمی کو فارسی پڑھانے کیلئے بھیج دیا جو فارسی کا ایک لفظ تک نہیں جانتا تھا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………

پہلے …!
٭ ایک سیاستداں پرجوش تقریر کرتے ہوئے بار ، بار اپنے مخالف کو شہزادے کہہ کر چیالنج کررہا تھا کہ ہمت ہے تو مقابلہ کرکے دیکھ لیں ۔
سامعین میں سے ایک شخص نے یہ سن کر بلند آواز سے سیاستداں کو مشورہ دیا کہ ’’پہلے پیادے سے لڑو بعد میں شہزادے سے !‘‘
یٰسین شاکر۔ نامپلی
………………………

ثبوت !
مالکن ( نئے نوکر سے ) : تمہارے پاس کیا ثبوت ہے کہ تم نے سیٹھ رام ناتھ جی کے گھر پر دو سال نوکری کی ہے ؟
نوکر : ثبوت کے طورپر میرے پاس ان کے ایسے برتن ہیں جن پر اُن کا نام کندہ ہے …!!
………………………

بتاؤ …!!
٭ ماسٹر صاحب نے شاگرد سے سوال کیا ’’بتاؤ ایک عورت دو گھنٹے میں ایک کمرہ صاف کرتی ہے تو دو عورتیں کتنی دیر میں ایک کمرے کو صاف کریں گی ؟ ‘‘
شاگرد : ’’چار گھنٹے میں ‘‘
ماسٹر صاحب : ’’وہ کیوں؟‘‘
شاگرد : اس لئے کہ وہ باتیں بھی کریں گی !
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
………………………