شیشہ و تیشہ

فرید سحرؔ
غزل ( طنز و مزاح)
صرف چھوٹی سے پیار مشکل ہے
اور بڑی سے بھی عار مشکل ہے
پیٹ پوجا تو پہلے ہوجائے
شعر پڑھنا نہار مشکل ہے
اتنے گھپلے کئے ہیں نیتا نے
انگلیوں پر شمار مشکل ہے
تین مشقاب دے چکا ہوں تڑی
روکنا اب ڈکار مشکل ہے
چند روپئے میں یوں ہی دے دوں گا
قرض دینا ہزار مشکل ہے
خوب اپنی خزاں سے چھنتی ہے
اہتمامِ  بہار مشکل ہے
ہاتھ ایسا دیا ہے یاروں نے
ان پہ اب اعتبار مشکل ہے
سر پہ چھایا بخار شہرت کا
یہ اُترنا بخار مشکل ہے
سب مجھے جانتے ہیں بستی میں
مالا لانا اُدھار مشکل ہے
پہلے مُٹھی سحرؔ کی گرم کرو
کام کرنا اُدھار مشکل ہے
………………………
سائبر پُرسہ…!
٭  مستقبل میں پُرسہ کے پیامات کچھ ایسے ہوں گے ؟
l   مرحوم بہت ہی اچھے انسان تھے
l   ہمیشہ آن لائن رہتے تھے
l   ہر ایک کی Request Accept کرلیتے تھے ۔
l   کبھی اپنے Comments  سے کسی کو تکلیف نہیں دی ۔
l   ان ( مرحوم ) کی پوسٹ بڑی جاندار ہوتی تھی ، بڑے دل کے مالک تھے ۔
l   کبھی کسی کو بلاک(Block ) نہیں کیا ۔
l   دوستوں کی سیلفی (Selfie) دل کھول کر لائیک (Like) کیا کرتے تھے ۔
l   امیروں سے Share اور غریبوں کو Tag کیا کرتے تھے ۔
l   جب موت آئی تب بھی Facebook پر ہی آن لائین تھے ۔ اور ٹوئیٹر Twitter پر جواب دے رہے تھے ، بہت ہی اچھے آدمی تھے ۔
سلطان قمرالدین خسرو۔ مہدی پٹنم
………………………
سج دھج کر …!
٭  ایک لڑکا لڑکی سے مخاطب ہوکر اتنا سج دھج کر کہاں جارہی ہو ؟
لڑکی : خودکشی کرنے ۔
لڑکے نے کہا خودکشی کرنے جارہی ہو تو پھر اتنا میک اپ کس لئے ؟
لڑکی نے جواب دیا کل کے اخبار میں تصویر جو چھپے گی …!!
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
………………………
جلدی کرو…!
٭  ایک ڈاکٹر نے اپنی نوجوان بیٹی سے کہا ’’جلدی کرو میرا دواؤں کا باکس گاڑی میں رکھو مجھے ایک ایمرجنسی کال آئی ہے کہ اگر میں فوراً اس کے پاس نہ پہنچا تو وہ مرجائیگا‘‘
ماڈرن بیٹی نے شوخی سے باپ کو بتایا : ’’پاپا ! وہ کال آپ کے لئے نہیں میرے لئے تھی…!!
بابو اکیلاؔ ۔ جہانگیر واڑہ کوہیر
………………………
کیسے ٹوٹ گئے …؟
ڈاکٹر مریض سے : تمہارے یہ تین دانت کیسے ٹوٹ گئے ؟
مریض :کیا کہوں ڈاکٹر صاحب !  بیوی نے بہت کڑک روٹی بنائی تھی ۔
ڈاکٹر : کھانے سے انکار کردیتے ۔
مریض : وہی تو کیا تھا ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
………………………
تمہاری زبان …!
٭  میاں بیوی میں کافی عرصہ سے بول چال بند تھی ۔ ایک دن میاں نے دن کی روشنی میں موم بتی جلاکر اِدھر اُدھر کچھ ڈھونڈنے کی اداکاری شروع کردی ۔
بیوی سے رہا نہ گیا آخرتنگ آکر پوچھ ہی لیا ، ’’کیا ڈھونڈرہے ہو …؟ ‘‘
شوہر : تمہاری زبان ڈھونڈ رہا تھا ، شکر ہے مل گئی …!!
امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
………………………