شیشہ و تیشہ

سلطان قمرالدین خسرو
ادب کے ساتھ!!
میڈم کی ڈانٹ سن کے ملازم پکار اُٹھا
ہر چند سنگریزہ ہوں ، گوہر نہیں ہوں میں
لیکن کلام کیجئے مجھ سے ادب کے ساتھ
نوکر ہوں ، کوئی آپ کا شوہر نہیں ہوں میں
………………………
لیڈرؔ نرملی
غزل ( مزاحیہ)
شعر انگریز بیچارے کو سُنارئیں حضرت
بھینس کے سامنے کیوں بین بجارئیں حضرت
گھر میں ڈائٹنگ پہ رہتے ہیں بچانے راشن
جاکے دعوت میں مگر جم کے ٹکارئیں حضرت
ووٹ کے واسطے نکوّنا یہ جُھوٹے وعدے
کُہنی کو جنتا کی گُڑ کیکو لگارئیں حضرت
ینگ دکھنے کو چچا روز بنارئیں شیونگ
بچھڑوں میں ملنے کو لیو سینگاں کٹارئیں حضرت
راج کرنا کتے سسرال میں اپنی بیٹی
اور خود گھر میں بہو کو تو ستارئیں حضرت
روک لو گھپلوں گُھٹالوں سے ذرا لیڈرؔ کو
دیش کو کھوکھلا اندر سے بنارئیں حضرت
………………………
سو گیندیں قربان
٭  میچ کے دن ایک مقامی ٹیم کو اچانک پتہ چلاکہ ان کا ایک کھلاڑی کم ہے ۔ انھوں نے اسپورٹس کے سامان کی دکان کے مالک سے کھیلنے کی درخواست کی۔ دکان کے مالک نے یہ سوچ کر حامی بھرلی کہ انکارکرنا کاروباری لحاظ سے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ حالاں کہ اس نے اس سے پہلے کبھی کرکٹ کھیلی ہی نہیں تھی ۔
اتفاق سے پہلی ہی گیند کو اس نے اندھا دھند پیٹا۔ گیند بیاٹ پر آگئی اور تیزی سے باؤنڈری کی طرف گئی ۔ نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹسمین نے اسے پکارا ۔
’’ بھاگیے صاحب! ، بھاگیے!! ‘
’’تم فکر نہ کرو بھائی ‘‘دکاندارنے کہا ’’میں تم لوگوں کو دوسری گیند دے دوں گا۔ ایسی سو گیندیں تم پر قربان‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
لفظ بہ لفظ سچ
٭  ایک جونیر کرکٹ کھلاڑی نے اپنے دوست سے شیخی بگھارتے ہوئے کہا ’’ جیسے ہی میچ ختم ہوا سینکڑوں لڑکیوں اور لڑکوں نے آٹو گراف کے لئے مجھے گھیرلیا ‘‘ ۔
دوست نے کہا چھوڑو بھی یار تمہاری بات پر کسی کو بھی یقین نہیں آئے گا ۔
کھلاڑی نے جواباً کہا ’’ میں لفظ بہ لفظ سچ کہہ رہا ہوں ثبوت کے طورپر دیکھ لو یہ تصویر … میں سچن تنڈولکر کے بازو ہی کھڑا ہوں‘‘۔
وجئے ناتھ سکسینہ ۔ گولی پورہ
………………………
خاموش نکل چلو!!
٭  ایک میاں بیوی غلطی سے کافی مہنگے ہوٹل میں چلے گئے جہاں پر کھانے کی تمام ڈشس کافی مہنگی تھیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کی صورت دیکھی اور کافی دیر تک سوچنے کے بعد دو اُبلے ہوئے انڈوں کا آرڈر دیا ۔ جب دونوں کے سامنے انڈے رکھے گئے تو انھوں نے کھانا شروع کیا ۔ مگر بیوی کے حصے کا انڈا گندہ ہوگیا تھا اُس میں تقریباً مرغی کا بچہ بن چکا تھا ۔ بیوی نے شوہر سے کہا اجی یہ انڈہ گندہ ہے بلکہ اس میں تو مرغی کا بچہ بھی بن گیا ہے ۔ شوہر نے کہا بیگم خاموش کھاکر نکل چلو ورنہ یہ ہوٹل والے بجائے اُبلے ہوئے انڈے کے مرغ کا بل وصول کرلیں گے !!۔
حظیف احمد ۔ فورٹ ویو
………………………
قیمت !!
٭  ایک شخص پرانے سامان کی دکان پر آیا اور جیکٹ اُتارکر دکاندار کے سامنے رکھ دیا اور بولا ، بولئے اس جیکٹ کا کتنا روپیہ دیں گے ؟
دکاندار ’’صرف سو روپئے ‘‘
’’لیکن اس کی قیمت تو ہزار روپئے تک ہے جناب ‘‘ وہ شخص کہنے لگا ۔
دکاندار ’’ہوگی ! لیکن میری نظر میں تو اس کی قیمت سو روپئے سے زیادہ نہیں ہے ‘‘۔
کیا آپ پورے دعویٰ کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اس کی قیمت صرف سو روپئے ہے ؟‘‘ وہ شخص کہنے لگا ۔
دکاندار ’’ہاں بھئی ہاں ! اس سے ایک پیسہ بھی زیادہ نہیں ہے ‘‘۔
’’تو پھر لیجئے سو روپئے اور یہ جیکٹ میرے حوالہ کردیجئے ، کیونکہ یہ جیکٹ میں نے آپ کے گھر کے اندر والی رسی پر سے لی ہے ‘‘۔
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………