شیشہ و تیشہ

نعیم فراز
سوگئی ہو کیا…!؟
یاد ماضی میں کھوگئی ہو کیا
تم بھی مجھ جیسی ہوگئی ہو کیا
آج مس کال تک نہیں آئی
منتظر ہوں میں! سوگئی ہو کیا
تم کو حق بات جو کہنے کی بہت عادت ہے
تختہ دار پر جانے کا ارادہ ہے کیا
………………………
فیصلؔ وارثی
ایلکشن…!؟
ہمارے وطن کا سہانہ ایلکشن
ہے جنتا کو اُلو بنانے کا سیزن
میاں دور کرنا ہماری یہ اُلجھن
کہاں ہیں ’’گھرے گھر نلوں کے کنکشن‘‘
وہی جھوٹے وعدے وہی جھوٹی قسمیں
اُٹھا کان میں درد سُن سُن کے بھاشن
لڑھکنے لگے ہیں اِدھر سے اُدھر کو
یہ نیتا ہیں یا کوئی تھالی کے بیگن
’’ڈبل کمرے والے مکاں‘‘ بھول جاؤ
بنالو چٹانوں پہ جاکر نشیمن
چمکتی ہوئی صرف ’’باڈی‘‘ ہے اوپر
کھٹارا ہے اندر سے ’’گاڑی‘‘ کا انجن
کروں کس کی تائید اُلجھن ہے فیصلؔ
اِدھر ایک ’ڈاکو‘ اُدھر ایک ’راون‘
………………………
بیوی کو خوش رکھنے کے چند مفید نسخے
٭ بیوی اگر ملازم ہو تو گھر کے کاموں میں ہاتھ نبٹاکر اس کا دل جیتئے ۔
٭ راتوں میں دوستوں میں وقت برباد کرنے کے بجائے جلد سے جلد گھر آجائیے ۔ اس سے آپ کی بیوی اطمینان کی سانس لے گی ۔
٭ پکوان کتنا بھی خراب ہو زیادہ تنقید مت کیجئے بلکہ اچھے پکوان کی تعریف کیجئے ۔
٭ گھر کے ہر چھوٹے بڑے کام میں بیوی سے مشورہ لیجئے ۔
٭ بیوی کے کوئی رشتہ دار اگر گھر آجائے تو خوش دلی سے مہمان نوازی کیجئے ۔
٭ بیوی کی ہر خوشی ، دُکھ درد اور ضروریات کا خیال رکھیے ۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
………………………
آخری الفاظ…!؟
٭ دواخانے میں ڈاکٹر سے مرحوم کے بھائی نے پوچھا کہ مریض کے آخری الفاظ کیا تھے تو ڈاکٹر نے جواب دیا : ’’اُن کی بیوی بازو بیٹھی ہوئی تھی اس لئے آخری وقت بھی مرحوم کچھ بول نہیں سکے …!!‘‘ ۔
………………………
صحیح کیفیت …!!
٭ بڑے ڈاکٹر صاحب کے فون کی گھنٹی بجی اُٹھانے پر دوسری طرف سے پوچھا گیا : ’’کمرہ نمبر 3 کے مریض کی کیا کیفیت ہے ؟ تو ڈاکٹر نے جواب دیاکئی اعضاء کام نہیں کررہے ہیں ، حالت نازک ہے بچنے کی اُمید کم ہے …! ، آپ کون صاحب بات کررہے ہیں ؟‘‘ تو دوسری طرف سے آواز آئی میں کمرہ نمبر 3 کا مریض ہی بات کررہا ہوں کیوں کہ کوئی مجھے میری صحیح کیفیت نہیں بتلارہا تھا اس لئے آپ کو فون کیا …!!
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
نہلے پہ دہلا…!
٭ ایک بہت موٹی عورت نے اپنے شوہر سے شکایت کی کہ ’’وہ سامنے کے مکان میں رہنے والا شخص مجھے گھورتا رہتا ہے ۔ تم کھڑکی کے پردے کاانتظام کردو‘‘ ۔
’’ تم ایک بار اسے پوری طرح گھورنے کا موقع دو پھر وہ خود اپنی کھڑکی پر پردے کاانتظام کرے گا‘‘ ۔شوہر نے اطمینان سے جواب دیا۔
محمد منیرالدین الیاس۔ مہدی پٹنم
………………………
فرمائش شروع …!!
٭ ایک نوجوان نے ایک لڑکی سے کہا : میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں ؟
لڑکی بولی : یہ میری سینڈل کا سائز دیکھتے ہو؟
لڑکا بولا : ابھی رسم بھی نہیں ہوا فرمائش شروع ہوگئی …!؟
………………………
باقی سب …!!
بیوی : (شوہر سے ) قسم کھاؤ کہ تم میرے نکاح میں ہو …!؟
شوہر : قسم ہے تم ہی میرے نکاح میں ہو باقی سب نگاہ میں ہیں …!!
شعیب علی فیصل۔ محبوب نگر
………………………