شیشہ و تیشہ

فرید سحرؔ
وعدہ تیرا وعدہ!
ہم سے وعدہ بارہ فیصد کا رہا
اس کا آدھا بھی نہیں اب تک ملا
ایک وعدہ ہاں مگر پورا ہوا
ڈپٹی سی ایم بھائی ہمارا بن گیا
………………………
محسن نقویؔ
تحفظ کی توقع…!
وہ شخص تو گھوڑوں کی نمائش میں ہے مصروف
مسموم بھرا شہر ہے بارود کی بو سے
کیا اس سے کریں اپنے تحفظ کی توقع؟
حیوان ہوں پیارے جسے انساں کے لہو سے
………………………
مشتاق احمد چودھری
وعدہ تیرا وعدہ…!!
وعدہ ترا وعدہ … وعدہ پہ ترے مارا گیا
ووٹر سیدھا سادھا … وعدہ ترا وعدہ
وعدہ ترا وعدہ … چھپن انچ کا وعدہ
ووٹر سیدھا سادھا … وعدہ ترا وعدہ
وعدہ ترا وعدہ … پندرہ پندرہ لاکھ کا وعدہ
وعدہ پہ ترے مارا گیا… ووٹر سیدھا سادھا
وعدہ ترا وعدہ … ملازمت دینے کا وعدہ
وعدہ پہ ترے مارا گیا… ووٹر سیدھا سادھا
وعدہ ترا وعدہ … فیول کے دام کم کرنے کا وعدہ
وعدہ پہ ترے مارا گیا… ووٹر سیدھا سادھا
………………………
حقیقت میں…!!
رپورٹر : آپ نے 1990 ء میں عراق پر حملہ کیوں کیا تھا ؟
امریکہ : اس لئے کہ ہم کو شبہ تھا کہ عراق میں دنیا کو تباہ کرنے کیلئے خطرناک ہتھیار موجود ہیں۔
رپورٹر : آپ نے سیریا ( ملک شام ) پر حملہ کیوں کیا ؟
امریکہ : اس لئے کہ ہم کو شبہ تھا کہ سیریا (شام) میں بھی دنیا کو تباہ کرنے کیلئے خطرناک ہتھیار موجود ہیں۔
رپورٹر : تو پھر آپ نے شمالی کوریا پر حملہ کیوں نہیں کیا…!؟
امریکہ : آپ پاگل ہیں کیا …!شمالی کوریا کے پاس تو حقیقت میں دنیا کو تباہ کرنے کے خطرناک ہتھیار موجود ہیں…!!
محمد عبدالرزاق ۔ آصف نگر
………………………
آنکھوں کی چمک…!!
٭ دو دوست ساتھ ساتھ چل رہے تھے ۔ اچانک ایک نے دوسرے سے کہا : ’’ہمارے پیچھے کوئی خوبصورت لڑکی آرہی ہے …!!‘‘
دوسرے نے پلٹ کر دیکھا تو واقعی اُن کے پیچھے ایک حسین اور خوبصورت لڑکی چلی آرہی تھی ۔ دوسرے دوست نے حیرت زدہ ہوکر پہلے دوست سے پوچھا : ’’تمہیں یہ کیسے معلوم ہوا کہ ہمارے پیچھے وہ لڑکی آرہی ہے …؟‘
’’تم نے اُس نوجوان کو دیکھا جو ابھی ہمارے سامنے آرہا ہے ، اس کی آنکھوں میں ایسی چمک پیدا ہورہی ہے جو صرف خوبصورت لڑکیوں کو دیکھ کر ہوتی ہے ‘‘
ہانیہ تشبیب ۔ نلگنڈہ
………………………
دیکھو مل گئی ہے …!!
پولیس والا(آدمی سے) جب تمہاری بیوی گم ہوگئی تھی تو تم نے پولیس میں کیوں رپوٹ نہیں لکھوائی …؟
آدمی : اس خیال سے کہ پچھلے دنوں میری اسکوٹر گم ہوگئی تھی تو پولیس والوں نے اس کا پندرہ دن میں پتہ چلاکر واپس کردیا کہ دیکھو مل گئی ہے …!!
شعیب علی فیصل۔ محبوب نگر
………………………
قدامت کا انعام
٭ امریکہ کے ماہرین آثار قدیمہ کو ایک پُرانا کتے کا مجسمہ ملا لیکن انھیں اس کی قدامت کے بارے میں کچھ پتہ نہ چل سکا۔ چنانچہ انھوں نے اعلان کیاکہ جو کوئی اس کی صحیح قدامت بتائے گا اسے انعام دیا جائے گا ۔ ایک پولیس انسپکٹر نے کہاکہ وہ بتاسکتا ہے ، چنانچہ مجسمہ اس کے حوالے کردیا گیا ۔ چند روز بعد اس پولیس انسپکٹر نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ’’مجسمہ چار سو بیس سال قبل مسیح کا ہے ‘‘ ۔
’’وہ کیسے ؟‘‘ ایک اخبار نویس نے پوچھا ۔
پولیس انسپکٹر فخر سے بولا ۔ ’’ہم نے جب اس کتے کے مجسمے کو ’’بجلی کی کرسی ‘‘ پر بٹھایا تو اس نے خود اپنی زبان سے بتایا کہ وہ اتنا قدیم ہے …!!‘‘۔
نظیر سہروردی۔ راجیونگر
………………………