شیشہ و تیشہ

محمد انیس فاروقی انیسؔ
نہیں معلوم …!؟
وقت بھی بدلتا ہے کیا تمہیں نہیں معلوم
گرکے وہ سبھلتا ہے کیا تمہیں نہیں معلوم
اقتدار کی کُرسی مستقل نہیں ہوتی
وقت خود بھی ٹلتا ہے کیا تمہیں نہیں معلوم
………………………
شاہدؔ عدیلی
مزاحیہ غزل
میں جو مانگوں مجھے ملتا بہت ہے
خسر صاحب کا دل دریا بہت ہے
لہو انساں کا گر سستا بہت ہے
دواخانوں میں کیوں عنقا بہت ہے
ہے شہرت اُس کی اُس کے فن سے بڑھکر
ہے پھل میں مغز کم چھلکا بہت ہے
لگانی ہے مجھے توبہ کی جھاڑو
میاں اندر مرے کچرا بہت ہے
ہو نومولود میدانِ سخن میں
ابھی تو ایڑیاں گھسنا بہت ہے
کھٹکتے ہیں اسے سارے قدآور
ہے اک بونا جو جل کُکڑا بہت ہے
کنویں میں تیر کے اکڑو نہ شاہدؔ
سمندر فکر کا گہرا بہت ہے
………………………
حسن سلوک
٭ ایک 8 سالہ شریر لڑکے سے اُس کے دوست نے پوچھا : ’’گزشتہ مہینے کی چھٹیاں گذارنے تم اپنے خالہ خالو(انکل) کے ہاں گئے ہوئے تھے ، وہ تمہاری شرارتوں سے تنگ تو نہیں آئے ؟‘‘
شریر لڑکے نے فوراً کہا : ’’بالکل نہیں ! انھوں نے بڑے پیار سے مجھے رکھا ، روزآنہ انکل مجھے کشتی میں بٹھاکر سیر کے لئے لے جاتے ، واپسی میں مجھے تیرکر آنا پڑتا ‘‘
دوست : ’’وہ کیوں ؟ ‘‘
شریر لڑکا : ’’وہ بے خیالی میں مجھے دریا میں پھینک دیتے تھے ‘‘۔
دوست : اتنی دور سے تیرکرآنا تمہیں مشکل تو لگتا تھا ہوگا ۔
شریر لڑکا : ’’تیرنا تو کچھ مشکل نہیں تھا اصل مشکل تو مجھے بوری سے نکلنے میں پیش آتی تھی ‘‘۔
محمد الیاس حامد ۔ عثمان باغ
………………………
عورت …!!!
٭ ایک عورت گولف کھیل رہی تھی کہ ایک ہٹ کے بعد اس کی گیند قریبی جنگل میں جاگری، بال ڈھونڈتے ڈھونڈتے وہ جھاڑیوں میں پہنچ گئی جہاں گیند پڑی تھی۔ اس نے دیکھا کہ ادھر ایک مینڈک کانٹے دار جھاڑی میں پھنسا ہوا ہے۔ مینڈک نے عورت کو دیکھ کر کہا، خاتون اگر آپ مجھے ان کانٹوں سے نجات دلا دیں گی تو میں آپ کی تین خواہشات پوری کروں گا۔ یہ سن کر خاتون نے فوراً ہاتھ بڑھا کر مینڈک کو کانٹوں سے نجات دلا دی۔
مینڈک نے کانٹوں سے نجات پا کر شکر ادا کیا اور خاتون سے کہنے لگا جی اب آپ کہیں کیا خواہش ہے آپ کی، مگر میں معافی چاہتا ہوںکہ میںآپ کو یہ بتانا بھول گیا کہ آپ جو کچھ مانگیں گی، آپ کے شوہر کو وہی چیز دس گنا ملے گی۔
خاتون کو یہ سن کر بڑا غصہ آیا، خیر انہوں نے کہا کوئی بات نہیں۔
میری پہلے خواہش ہے کہ میںدنیا کہ سب سے خوبصورت عورت بن جاؤں۔ مینڈک نے کہا سوچ لیں آپ کا شوہر دس گنا خوبصورت ہو جائے گا؟ کوئی بات نہیں، خاتون نے کہا: ’’میں سب سے خوبصورت ہوں گی، تو وہ مجھے ہی دیکھے گا‘‘ ۔
مینڈک نے کوئی منتر پڑھا اور خاتون بے حد خوبصورت ہوگئیں۔
دوسری خواہش کہ میں سب سے امیر ہو جاؤں۔ مینڈک نے کہا سوچ لیں آپ کا شوہر آپ سے بھی دس گنا امیر ہو جائے گا؟ خاتون نے کہا کوئی مسئلہ نہیں اس کی دولت یا میری، ایک ہی بات ہے۔ مینڈک نے پھر منتر پڑھا اور وہ خاتون دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کی دولت مند ترین خاتون بن گئیں ۔
جی خاتون آپ کی تیسری خواہش؟ مینڈک نے پوچھا؟ مجھے ایک ہلکا سا دل کا دورہ یعنی ہارٹ اٹیک ہوجائے … !!!؟
اتنا سنتے ہی مینڈک کا سر چکرا گیا اور وہ خاتون کے شوہر کا انجام سوچتے سوچتے بیہوش ہوکر گر پڑا …!!
سبق:خواتین بہت چالاک ہوتیںہیں، ان سے زیادہ ہوشیاری اچھی نہیں…!!
ابن القمرین ۔مکتھل
………………………