شیشہ و تیشہ

محمد شفیع مرزا انجم حیدرآبادی
قطعہ
اب کسی کی نوجوانی کا اجارہ چاہئے
اس ضعیفی میں حسینوں کا سہارا چاہئے
پیر لٹکے ہیں قبر میں اور ہے شادی کا شوق
خوبصورت سولہ سالہ انکو بیوہ چاہئے
………………………
فرید سحر
غزل ( مزاحیہ )
جب سے بیوی قطر گئی میری
زندگی ہی سنور گئی میری
نوکری جب سے چھوڑی پولس کی
ہے زباں بھی سدھر گئی میری
شیر بن کر گرج رہے ہیں خسر
ساس جب سے گذر گئی میری
ساتھ رہنے لگا جو نیتا کے
شرم جانے کدھر گئی میری
مشورہ کرنا جب سے چھوڑا ہے
شاعری کچھ نکھر گئی میری
جب سے لینا لگا ہوں میں رشوت
تھوڑی حالت سدھر گئی میری
اک نظر کیا پڑی پڑوسن پر
مجھ پہ بیوی بپھرگئی میری
بات نکلی سحرؔ جو ترکے کی
فیملی ہی بکھر گئی میری
………………………
ملا کی حکمت …!
٭ ایک زمانے میں ملا نصیرالدین حکمت کرنے لگے تھے ۔ ایک دن ایک مریض آیا جس نے بدہضمی کی شکایت کی اور کہا : ’’حکیم صاحب …! چاہے جتنی ہلکی غذا کھاؤ ہمارا معدہ ہضم ہی نہیں کرتا ، کوئی ایسی دوا دیجئے کہ کھانا آسانی سے ہضم ہونے لگے ‘‘۔
ملا نے مریض کو تسلی دیتے ہوئے کہا ’’گھبرانے کی کوئی بات نہیں ، سب ٹھیک ہوجائے گا ۔ ایک بات کا خیال رکھو ۔ اگر کوئی چیز ہضم نہیں ہوتی تو تم ہضم کی ہوئی چیزیں کھایا کرو ، انشاء اﷲ آرام ہوجائے گا …!
محمد اختر عبدالجلیل ۔ محبوب نگر
………………………
مشورہ !
٭ ایک شخص کے ہاتھوں کسی کا قتل ہوگیا تو اس نے ایک وکیل کو آکر ساری بات بتائی اور کہا پوری تفصیل میں نے آپ کو بتادی ہے ، مجھے سزا سے بچانے کیلئے آپ کیا مشورہ دیں گے ؟ وکیل نے جواب دیا : ’’فرار ہوجاؤ ‘‘
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
……………………………
پتہ نہیں !
٭ ایک عورت اپنے گمشدہ شوہر اور اپنے پالتو کتے کی رپورٹ درج کرانے کیلئے پولیس اسٹیشن گئی :
عورت : میرا شوہر گم ہوگیا ہے !
انسپکٹر : اُن کی ہائیٹ کیا تھی ؟
عورت : میں نے غور نہیں کیا ۔
انسپکٹر : دبلے تھے یا صحت مند ؟
عورت : دبلے تو نہیں ، شاید صحت مند
انسپکٹر : آنکھوں کا رنگ ؟
عورت : پتہ نہیں ! کبھی غور نہیں کیا ۔
انسپکٹر : بالوں کی رنگت ؟
عورت : کالے ہونا چاہئے
انسپکٹر : وہ کیا زیب تن کئے ہوئے تھے ؟
عورت : ٹھیک سے مجھے یاد نہیں !
انسپکٹر : کیا کوئی اُن کے ساتھ تھا ؟
عورت : ہاں ! میرا آلسیشن کتا ( رومیو) سنہری چین سے بندھا ہوا لمبائی 30 انچ ، صحت مند ، نیلی آنکھیں ، کالے اور بھورے مائل بال ، اُس کے دائیں پیر کا انگوٹھا تھوڑا ٹوٹا ہوا ہے ۔ وہ کبھی نہیں بھونکتا ، وہ ایک سنہرا پٹا پہنا ہوا ہے جس میں نیلے نگ لگے ہوئے ہیں ، نان ویج کھانا اُسے مرغوب ہے ، ہم ساتھ میں کھاتے اور ساتھ ہی میں جوگنگ کیلئے جاتے ہیں …… اور اتنا کہتے ہوئے وہ عورت پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی ۔
انسپکٹر : میڈم ! مت روئیے آپ کے کتے کو ہی پہلے ڈھونڈتے ہیں !!!
سلطان قمرالدین خسرو ۔ مہدی پٹنم
………………………
ڈکیتی کا انداز!!
٭ نئی دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک کمرے میں کچھ امریکن اپنے ایک ہندوستانی دوست کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ ڈاکوؤں کا ذکر ہورہا تھا کہ کس طرح وہ سیٹھوں کے رشتہ داروں کو اٹھا لے جاتے ہیں اور جب تک روپیہ نہ دیا جاتا انہیں نہیں لوٹاتے ۔ امریکیوں نے بیچ میں بات کاٹتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں رواج دوسرا ہے ۔ وہاں ڈاکو لکھ پتیوں کی ساس کو پکڑ کر لے جاتے ہیں اور دوسرے دن یہ پیغام بھیجتے ہیں فوراً دس ہزار ڈالر فلاں جگہ بھیج دو نہیں تو ابھی تمہاری ساس کو واپس بھیج رہا ہوں !!
مجتبٰی حسین ۔ نلگنڈہ
………………………