شیشہ و تیشہ

ڈاکٹر سید خورشید علی ساجدؔ
جانِ جگر کی بات …!!
بات لمبے سفر کی کرتے ہیں
بات مشکل ڈگر کی کرتے ہیں
کب یہاں بھولتے ہیں ہم اُن کو
بات جانِ جگر کی کرتے ہیں
………………………
ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادقؔ
مزاحیہ غزل
سِکّہ سُسرال کی گلیوں میں بھی چلتا میرا
ہوگیا سُسرے کے دھندوں پہ بھی قبضہ میرا
میری ماں کہتی ہے وہ لُوٹے گا دو ہاتھوں سے
گھر جوائی بن کے جو پہنچا یہ ہے بیٹا میرا
جب سے مل آیا ہے کُتّا یہ کسی نیتا سے
مجھ پہ بھی بھونکنے لگتا ہے یہ کُتّا میرا
تُم حوالے کرو بیٹی کی طرح سب کچھ اب
میں نے سُسرے سے کہا کب تلک یہ تیرا میرا
وہ جھگڑتی ہے ڈراتی ہے مجھے بیلن سے
سب سے سیدھا ہوں مگر جورو سے ہے پنگا میرا
واپسی گھر کی تو گاؤ رکھشا کبھی تین طلاق
اِس طرح روز یہاں ہوگا تماشہ میرا
میں کبھی ڈرتا تھا اب اس کو ڈراتا ہوں میں
اک بڑا دادا ہے دکّن کا جو سالا میرا
تم کو جی ایس ٹی سے پالا تو پڑے گا صادقؔ
نوٹ بندی جو ہے پہلا ہے یہ جھٹکا میرا
………………………
ابھی زندہ ہوں…!!
٭ بیگم جب کافی دیر تک باتھ رُوم سے باہر نہیں آئیں تو ابتداء میں میاں کو پریشانی لاحق ہُوئی ، پھر سری دیوی کے حادثہ کو یاد کرکے ایک گونا گوں خوشی محسوس کرتے ہوئے اُس نے باتھ رُوم کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
اندر سے بیگم کی گرجدار آواز آئی ’’خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے تمہاری سِری دیوی ابھی زندہ ہے…!!‘‘
محمد عبدالسلام ۔ ٹولی چوکی
………………………
چُپ رہنے کی وجہ …!
٭ ایک بھکاری دوسرے بھکاری سے : ’’ابھی ابھی ایک شخص تمہارے سے کیا بات کررہا تھا …!؟‘‘
دوسرا بھکاری : وہ پوچھ رہا تھا کہ میں روز کتنے روپئے کمالیتا ہوں …؟
’’تم نے کیا کہا ‘‘ پہلے بھکاری نے پوچھا ۔
دوسرا بھکاری : ’’میں چُپ رہا …!!‘‘
’’کیوں ‘‘ پہلے بھکاری نے پوچھا ۔
مجھے ایسا لگا کہ وہ شخص انکم ٹیکس کا انسپکٹر ہے …!!‘‘ دوسرے بھکاری نے جواب دیا ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ سکندرآباد
………………………
میں پریشان ہوں !
٭ ایک صاحب نے اپنے سسر کو فون کیا کہ آپ کی بیٹی سے میں بہت پریشان ہوں ، آپ کچھ کیجئے ؟
سسر نے کہا : ’’بیٹا ! میرے بارے میں کچھ تو سوچو ،میرے پاس تو اُس کی ماں ہے …!!
زکریا سلطان ۔ ریاض ، سعودی عرب
………………………
سوشل میڈیا پر دو رُخی …!
٭ سوشل میڈیا (فیس بک ، واٹس اپ ، ٹویٹر) پر جب کوئی لڑکی اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتی ہے تو کس طرح اُسے جواب ملتا ہے ، اور جب کوئی لڑکا اپنا اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتا ہے تو کیا حال ہوتا ہے !؟۔
لڑکی نے فیس بک پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیپ ٹاپ لیا ہے ‘‘۔
لائیکس 75 ، کمنٹس 23،اور کمنٹس کچھ اِس طرح تھے 1 . وائو کیا بات ہے یار ، 2 . پِھر تو دعوت پکی ، 3 . انجوئے کرو یار ، 4 . مبارکاں جی مبارکاں ، 5 . ٹریٹ دو یار۔
لڑکے نے فیس بک اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیپ ٹاپ لیا ہے‘‘۔
لائیکس 2 ، کمنٹ 1
اور کمنٹ کچھ اِس طرح تھا
ابے تیری شکل ہے لیپ ٹاپ لینے والی!
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
سکون کی ضرورت…!!
بیمار شوہر نے اپنی بیوی سے کہا : بیگم ! تم یہ سفید ساڑی پہن کر کیوں دواخانہ آتی ہو ۔ تمہیں اس ساڑی میں دیکھ کر میرے دل میں غلط غلط خیالات آتے ہیں ۔
بیوی : میرے سفید ساڑی پہننے سے تم کو کچھ نہیں ہوگا ۔ ڈاکٹر صاحب نے کل ہی مجھے کہا ہے کہ اب آپ کے شوہر خطرے سے باہر ہیں ،بس اُنھیں سکون کی ضرورت ہے !!
سالم جابری ۔ آرمور
………………………