شیشہ و تیشہ

فرید سحرؔ
غزل (طنز و مزاح)
پینسٹھ برس کا ہوگیا پر ذاتی گھر نہیں
اب دفن کہاں ہونا ہے یہ بھی خبر نہیں
دولت کا میری اُس پہ ہوا کچھ اثر نہیں
ناراض ہے وہ مجھ سے کہ گورا کلر نہیں
شادی کے بعد دوستو حالت یہ ہوگئی
عزت نہیں ، سکون نہیں، مال و زر نہیں
جنتا کی فکر کا اُسے دعویٰ بہت ہے پر
خود اُس کی بیوی ہے کہاں اُس کو خبر نہیں
لاکھوں کا مال لے کے جو آئی جہیز میں
طعنوں سے اُس کے ایک دن ہم کو مفر نہیں
ہر روز قتل ہوتا ہے انصاف کا یہاں
ہر اک کو ہے ملال کہ دورِ عمرؓ نہیں
اک بار بھی اجی سے ارے تک کہا نہ ہو
ایسا کسی کو جگ میں ملا ہمسفر نہیں
ویسے بڑے بڑے ہیں یہاں ہسپتال اب
ہمدرد مگر دوستو اک ڈاکٹر نہیں
سُنتا ہے روز گالیاں جنتا کی دیکھئے
کُرسی پہ اب جو بیٹھا ہے وہ معتبر نہیں
حالانکہ اتنے دوست ہیں میرے وہاں مگر
اک دوست نے بھی مجھ کو بلایا قطر نہیں
بیٹی سے بڑھ کے چاہے جو داماد کو سحرؔ
دنیا میں ہم کو ایسا دِکھا اک خُسر نہیں
………………………
پس و پیش …!
پہلا دوست : یار میں پس و پیش میں پھنسا ہوا ہوں …؟
دوسرا دوست : وہ کیسے ؟
پہلا دوست : بیوی کے میک اپ کا خرچہ برداشت نہیں ہوتا اور بغیر میک اپ کے بیوی برداشت نہیں ہوتی …!!
مبشرسید۔ چنچلگوڑہ
………………………
کیا دیکھا…!؟
٭ بوڑھے لکھ پتی کی نوجوان بیوی سے پوچھا گیا : آپ نے اپنے شوہر میں کیا دیکھا تھا؟
لڑکی بولی : ایک تو اِن کی اِن کم۔دوسرے اِن کے دِن کم…!!
ابن القمرین۔ مکتھل
………………………
البتہ …!
٭ ایک موٹے آدمی کو ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ تم گھڑ سواری کرو دُبلے ہوجاؤ گے ۔
کچھ دن بعد اُس موٹے آدمی سے ڈاکٹر نے پوچھا کہ کیا تم دُبلے ہوگئے ؟
موٹے آدمی نے ڈاکٹر سے کہا : میں دُبلا تو نہیں ہوا البتہ گھوڑا بے حد دُبلا ہوگیا …!!
بابو اکیلا۔ جہانگیرواڑہ کوہیر
………………………
سمجھ کا فرق …!!
٭ ایک ڈاکٹر نے اپنے پروفیسر دوست سے کہا کہ کل میں آؤٹ آف اسٹیشن جارہا ہوں ، آپ ایک مہینہ سے میرے ہاں مقیم ہیں برائے کرم اپنے گھر چلے جائیں ۔
یہ سُن کر غائب دماغ پروفیسر نے آنکھیں پھاڑتے ہوئے کہا ’’میں سمجھ رہا تھا کہ تم ایک مہینہ سے میرے گھر میں مہمان ہو …!!‘‘
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
فائدہ مند شاپنگ …!!
٭ ایک آدمی اپنی بیوی سے : لگتا ہے میرے دونوں رُومال گُم ہوگئے ہیں ، بازار جاکر نئے لانا پڑے گا …!؟
بیوی : چلو بازار چلتے ہیں ، میں بھی دو ساڑیاں خرید وں گی ۔
شوہر : تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہوا ہے ؟ گزشتہ ہفتہ ہی تم نے چار ساڑیاں خریدی ہیں جن کا بل ابھی تک ادا نہیں کئے ۔
بیوی : اتنے ناراض کیوں ہوتے ہو ؟ پتہ ہے اس دوکان میں ایک ساڑی خریدنے پر ایک رومال فری ملتا ہے ، دوساڑیاں اس لئے خریدرہی ہوں …!!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر۔سکندرآباد
………………………
یوگا کا فائدہ …!!
٭ ایک عادی شرابی کو کسی نے مشورہ دیا کہ وہ یوگا کی مشق کرے ۔ اس طرح شراب چھوڑنے میں آسانی رہے گی ۔ دس ماہ کی طویل اور صبرآزما مشقت کے بعد وہ آدمی یوگا میں ماہر ہوگیا ۔
کسی نے اس کی بیوی سے پوچھا : ’’کیا یوگا کی مشقوں سے کوئی فائدہ ہوا ہے …؟‘‘
’’جی ہاں …!‘‘ بیوی بولی ۔ ’’اب وہ سر کے بل کھڑے ہوکر شراب پی سکتا ہے ‘‘۔
نظیر سہروردی ۔راجیونگر، حیدرآباد
………………………