شیشہ و تیشہ

احمد علوی
پکوڑے بیچو…!
ہوگا یہ ملک پہ احسان پکوڑے بیچو
کہتے ہیں آپ کے سلطان پکوڑے بیچو
ڈگریاں سر پہ لئے بوجھ بنے ہو سب پر
کھولو فٹ پاتھ پہ دوکان پکوڑے بیچو
ایکٹنگ تم کو کہاں آتی ہے ہم سے بہتر
شاہ رخ خان اور سلمان پکوڑے بیچو
پانچ کے پانچ سو جئے شاہ نے کئے ہیں جیسے
مجھ سے کہتی ہے میری جان پکوڑے بیچو
نوکری کے لئے دفتر کے نہ چکر کاٹو
ایم اے بی اے کی یہی شان پکوڑے بیچو
ملک کے واسطے تم لاؤ ودیشی مدرا
جاکے اب چین اور جاپان پکوڑے بیچو
ملک میں اک یہی جی ایس ٹی فری ہے بزنس
اب نہ لیڈر بنو نہ ڈان پکوڑے بیچو
تم نہ مندر پہ لڑو اور نہ مسجد پہ لڑو
ملک کے ہندو مسلمان پکوڑے بیچو
………………………
پریشان …!
٭ ایک شخص ریل گاڑی میں سفر کررہا تھا ۔ دوران سفر اپنے ساتھ بیٹھے نوجوان مسافر سے وقت کاٹنے کیلئے باتیں کرنے لگا۔ گفتگو کے دوران اُس نے پوچھا :
’’کیا تمہاری شادی ہوگئی ؟‘‘
وہ نوجوان شخص بولا: ’’نہیں … ویسے بھی میں بہت پریشان اور دُکھی ہوں، میں اور زیادہ پریشان اور دکھی نہیں ہونا چاہتا …!!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر۔ نظام آباد
………………………
نئی بیماری …!
٭ دو لڑکپن کے سہیلیوں کی کافی عرصہ بعد ملاقات ہوئی ، دوران ملاقات ایک سہیلی نے دوسری سے کہا: کھانا سامنے رکھا ہوتا ہے ، بھوک نہیں لگتی ، نیند آتے رہتی ہے لیکن سو نہیں پاتی ہوں ، کرنا کچھ چاہتی ہوں ، ہو کچھ اور ہی جاتا ہے ۔ پتہ نہیں کونسا روگ (بیماری) ہوگیا ہے مجھے ؟
دوسری سہیلی : ’’وہی ، جو تم نے اپنے ہاتھ میں پکڑ رکھا ہے ،موبائیل !‘‘
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
بغیر تنخواہ کے …!!
٭ پڑوسن نے نئی نویلی دلہن سے پوچھا : شادی سے پہلے تم کیا کرتی تھی ؟
دلہن نے جواب میں کہا : میں لوگوں کے گھروں میں جھاڑو پونچھا ، برتن اور کپڑے دھونے اور پکانے کام کرتی تھی ۔
پڑوسن نے کہا : تو پھر تمہیں یہ تبدیلی (نئی زندگی ) اچھی لگی …؟
دلہن : خاک تبدیلی اچھی لگی ! اب یہ سارے کام تنخواہ کے بغیر کرنے پڑیں گے …!!
بابو اکیلا۔ جہانگیر واڑہ کوہیر
………………………
دفتری راز…!
٭ ہمارے دفتر میں اہم دفتری کاغذات کو لِیرو لِیر کرنے یعنی ان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنیوالی مشین۔ شریڈر بھی ہے۔ تاکہ کوئی دستاویز ردی کی ٹوکری میں صحیح سلامت نہ چلی جائے۔ اور دفتری راز فاش نہ ہوجائے۔
ایک دن ایک نئی لڑکی اس شریڈر کے پاس ایک کاغذ پکڑے کھڑی تھی۔ میں نے اس کو مشین چلانے کا طریقہ زبانی سمجھایا۔ پھر اس کو عملی مشق کرانے کی خاطر کاغذ کو پکڑ کے اس شریڈر میں ڈال دیا۔ لڑکی بڑے غور سے دیکھ رہی تھی اور شاید میری مہارت سے متاثر بھی تھی۔ کچھ دیر بعد پوچھنے لگی کہ اس کی کاپی کہاں سے نکلے گی؟ باس نے کہا تھا کہ یہ بہت ضروری دستاویز ہے اس کی تین چار کاپیاں بنا کے اس کو محفوظ کرلو۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
ترکیب !
٭ کسی زمانے میں ایک بادشاہ اپنی رعایا پر بہت ظلم کرتا تھا ، اس کی حکومت میں سب پریشان تھے ۔ ایک دن بادشاہ نے وزیر سے کہاکہ لوگ مجھ سے ناراض ہیں انھیں خوش کرنے کے لئے میں نے ایک ترکیب سوچی ہے کہ میں ہوائی جہاز پر بیٹھ کر سو سو (100 )روپئے کے نوٹ پھینکوں تاکہ لوگ خوش ہوجائیں ۔
وزیر نے جواب دیا ’’نہیں ‘‘ ۔
پھر بادشاہ نے پوچھا ۔ اچھا اگر میں ہوائی جہاز سے سونا چاندی پھینکوں تو کیا لوگ خوش ہوجائیں گے ؟
وزیر نے جواب دیا ’’نہیں ‘‘ ۔ تو بادشاہ نے پوچھا آخر رعایا کو خوش کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟ وزیر نے یہ سن کر جواب دیا ۔ جہاں پناہ گستاخی معاف ! میرا ناچیز مشورہ یہ ہے کہ ہوائی جہاز سے آپ خود ہی کود جائیں!
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………