شیر خوار لڑکی کا اغوا کرنے والا مزدور پیشہ شخص گرفتار

حیدرآباد 30 ستمبر ( پی ٹی آئی ) سائبر آباد پولیس نے آج ایک شخص کو کوکٹ پلی علاقہ سے ایک 20 ماہ کی شیر خوار لڑکی کے اغوا کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اندرون ایک گھنٹہ مغویہ لڑکی کو بھی اغوا کنندہ کے گھرسے برآمد کرلیا ۔ لڑکی کے والد کار ڈرائیور ہیں ۔ اس کی شکایت کے مطابق دیڑھ سالہ لڑکی انوشا کو اس وقت اغوا کرلیا گیا تھا جب آج صبح وہ اپنے گھر کے باہر اپنی بڑی بہن چار سالہ رجیکا کے ساتھ کھیل رہی تھی ۔ سب انسپکٹر کوکٹ پلی انیل کمار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا کے مقام کے قریب سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے ۔ اس کے فوٹیج کا مشاہدہ کرنے کے بعد دیکھا گیا کہ ایک شخص چھوٹی بچی کو لیجا رہا ہے ۔ اس شخص کی ایم ناگاراجو کی حیثیت سے شناخت ہوئی جو پتھر کاٹنے کا کام کرتا ہے ۔ پولیس قریب میں واقع بستی میں اس کے گھر پہونچی اور وہاں بچی کو موجود پایا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت اغوا کنندہ حالت نشہ میں تھا اور اس سے بعد میں پوچھ تاچھ کی جائیگی ۔