شیرخوار لڑکی کتوں کے حملہ سے فوت

حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کے نواحی علاقہ میں ایک شیرخوار کو آوارہ کتوں نے چیرپھاڑ کر ہلاک کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 ماہ کی لڑکی کو نامعلوم افراد نے گلی میں چھوڑ دیا تھا ۔ جس کو آوارہ کتے چیر پھاڑ کررہے تھے ۔ مقامی عوام نے اس حیرت ناک دلسوز منظر کو دیکھ کر فوری مائیلاردیو پلی پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔ اس سے قبل کہ پولیس اس نومولود کو لے کر ہاسپٹل پہونچتی اور اس کا علاج کروایا جاتا آوارہ کتوں کے حملہ میں لڑکی فوت ہوچکی تھی ۔ اس خصوص میں انسپکٹر مائیلاردیو پلی پولیس مسٹر سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ موہن ریڈی نگر کے علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جب پولیس کو اس بات کی اطلاع ملی ۔ پولیس نے فوری طور پر بچی کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی عمر ڈاکٹرس کے مطابق تقریبا 4 ماہ ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی مردہ تھی یا پھر آوارہ کتوں کے حملہ میں ہلاک ہوئی ۔ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ تاہم پولیس قبل ازیں اپنی توجہ اس بات پر مرکوز کررہی ہے کہ آیا اس نومولود کے ورثہ کون ہیں ۔ والدین ہی نے لڑکی کو فوت ہونے کے بعد اسے پھینک دیا یا پھر علاج سے تنگ آکر ایسا کیا گیا یا پھر کسی نے جان بوجھ کر لڑکی کو آوارہ کتوں کی نظر کردیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ اس معاملہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات جاری ہیں ۔۔