شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو ممکنہ امداد

کریم نگر۔/27فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن پارلیمنٹ کریم نگر پونم پربھاکر نے تیقن دیا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے لئے اپنی زندگی قربان کردینے والے شہیدوں کے خاندانوں کی ہر ممکنہ امداد کیلئے کانگریس پارٹی آگے رہے گی۔ انہوں نے یہاں سٹی کانگریس کمیٹی صدر کے کرشنا کی زیر قیادت منعقدہ ان کی تہنیتی تقریب میں شرکت کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا فیصلہ اور اعلان منظوری کے بعد تلنگانہ کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے شہیدوں کے خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی مدد کرنے کی ذمہ داری ہر ایک پر عائد ہوتی ہے اور تلنگانہ شہیدوں کے خاندان کو وظیفہ، ملازمت یا مکان وغیرہ کانگریس اقتدار پر آتے ہی ان کی ہرممکن طریقہ سے مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے چندرا بابو نائیڈو، وائی ایس جگن کی پارٹی کا تلنگانہ میں اتہ پتہ نہیں رہے گا ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی میں سوائے سشما سوراج کے مابقی سبھی نے تلنگانہ کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کی پوری کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ اسمبلی اور پارلیمانی چناؤ ایک ہی وقت ہونے چاہیئے۔پونم پربھاکر نے واقف کرایا کہ راہول گاندھی کو کریم نگر سے انتخابی مقابلہ کرنے کی دعوت دی جارہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ سونیا گاندھی سے بھی ضلع کریم نگر کا دورہ کرنے کی خواہش کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے یہاں تلنگانہ دینے کا اعلان کیا تھا اس لئے ان سے اظہار تشکر کرنے کیلئے ہمیں موقع دینا چاہیئے ۔اس موقع پر بوما وینکٹیشور، وائی سنیل راؤ ، ڈی شنکر، کناکرشنا، کرا راج شیکھر، گنڈے مادھوی، جئے سری، پدما، رتنا وغیرہ نے شرکت کی۔