شہر نظام آباد کی ترقی کے امکانات روشن

امرت اسکیم کے تحت 100 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے ، مئیر آکولہ سجاتا کا بیان
نظا م آباد :30؍جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ امرت اسکیم میں نظام آباد کو شامل کئے جانے سے شہر کی مزید ترقی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مئیر نظا م آباد آکولہ سجاتا،کمشنر وینکٹیشورلونے کیا۔ انہوں نے کل شام مئیر چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25,26 ؍ جون کے روز دہلی میں امرت اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا اس پروگرام میں مئیر اور کمشنر نے شرکت کی تھی اس کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ سٹی، امروت اسکیم کے تحت اربن علاقہ میں ہر ایک کو امکنہ جات فراہم کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اسکیم کا آغاز کیا ہے اس کے علاوہ قواعد کا بھی اعلان کیا گیا ۔ امرت اسکیم میں نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو شامل کئے جانے اور 2015 سے 2020 تک میونسپل کارپوریشن کو مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈس مختص کئے جائیں گے اورآنے والے معاشی سال تک مرکزی حکومت کی جانب سے 100 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔ ایک لاکھ سے زائد آبادی والے شہروں کو امرت اسکیم میں شامل کیا گیا جبکہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے علاقہ میں تین لاکھ سے زائد آبادی ہے اور اس کے تحت زائد فنڈس منظورکئے جانے کا اعلان کیا ۔ اس اسکیم کے تحت آبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیح دی جائے گی اور اس کیلئے زائد فنڈس مختص کئے جائیں گے ۔ مئیر اور کمشنر نے بتایا کہ گذشتہ کئی سالوں سے پینے کے پانی کی پائپ لائن کی خرابی کی وجہ سے مشکلات پیش آرہے ہیں ۔ امروت اسکیم کے تحت مختص کئے جانے والے فنڈ سے پائپ لائنوں کی مرمت کے علاوہ بارش کے موقع پر آنے والے پانی کو بڑے پیمانے پر ڈرینس میں چھوڑنے کیلئے نئے ڈرینس کی تعمیر کیلئے بھی استعمال اور انڈر گرائونڈ ڈرینج کی تکمیل کیلئے بھی یہ فنڈس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شہر میں 82 فیصد انڈر گرائونڈ ڈرینج کے کام کی تکمیل ہوئی ہے باقی پائپ لائن کی تکمیل ایس ٹی پی پلانٹ کو بھی اس اسکیم کے تحت استعمال کیا جاسکتا ہے۔ گرین فیس کے ذریعہ فنڈس شہر میں واقع 111 میونسپل پارکس کی جدید تعمیر، پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی خرچ کئے جاسکتے ہیں۔ اس اسکیم کی عمل آوری کیلئے آن لائن نظام کو مستحکم کرنا ہے۔ آن لائن سرویس کے ذریعہ ٹیکس کی وصولی، پانی کے ٹیکس کی وصولی اور دیگر سہولتوں کے تحت عوام کو سہولتیں فراہم کرنا اصل مقصد ہے۔ آن لائن سرویس کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کے باوجود بھی عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ امرت اسکیم کے ذریعہ منظور کئے جانے والے فنڈس کا شہر کی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے اور ترقیاتی کام انجام دینے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ امرت اسکیم کے تحت نظام آباد میونسپل کارپوریشن کو منتخب کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر شہر ترقیات وینکیا نائیڈو کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر کارپوریٹرس مرلی، پنچہ ریڈی سریش، پی پرشوتم، بی مادھوری، سرینوانی، گنگاونی بھی موجود تھے۔