شہر میں 500 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ

حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں سال 2013 میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح بڑھ گئی اور بالخصوص خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر وی پرساد راؤ نے سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2013ء میں ریاستی پولیس کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ تلنگانہ اور سمکھیا آندھرا احتجاج سے بخوبی نمٹا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 95 نیم فوجی دستوں کی کمپنیاں اور 31اے پی ایس پی کی کمپنیوں کو احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کیلئے متعین کیا گیا تھا۔ مسٹر پرساد راؤ نے مزید بتایا کہ طوفان ہیلن اور فائلن اور لہر سے ہوئی تباہ کاریوں کے بعد راحت کاری کاموں میں آندھرا پردیش پولیس نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیاکہ نیشنل ڈیساسٹر رسپانس فورس کی طرز پر آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیساسٹر رسپانس فورس بھی قائم کی جارہی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے محکمہ جنگلات سے رابطہ قائم کیا گیا ہے تاکہ فاریسٹ گارڈز کو سیکوریٹی فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں صندل کی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث افراد نے محکمہ جنگلات کے دو گارڈز کا بیدردانہ طور پر قتل کردیا تھا اور اس واقعہ کے بعد محکمہ کے عہدیداروں کو جنگلات میں تلاشی مہمکیلئے سیکورٹی عملہ فراہم کیا جارہا ہے۔ مسٹر پرساد راؤ نے یہ دعویٰ کیا کہ سال 2013ء میں انتہا پسندی میں 35فیصد کی کمی ہوئی ہے چونکہ 163انتہا پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 76انتہا پسندوں نے پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کی ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد اور سائبرآباد میں سیکورٹی سے متعلق تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں 500سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیاہے چونکہ بم دھماکوں کے بعد آندھرا پردیش پبلک سیفٹی انفورسمنٹ بل سال 2013کے تحت ہر تجارتی ادارے کو سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کرنا لازم ہے۔سڑک حادثات میں 6.45فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 40ہزار 374 حادثات پیش آئے جن میں سائبر آباد کمشنریٹ حدود میں 3335 حادثات پیش آئے تھے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست بھر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس میں دھوکہ دہی، سرقہ اور دیگر جرائم شامل ہیں۔اسی طرح خواتین کے خلاف بھی جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور عصمت ریزی، دست درازی، مزید جہیز کیلئے ہراسانی، اغوا جیسے جرائم میں اضافہ دیکھا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ نربھئے ایکٹ کے نفاذ کے بعد مذکورہ مقدمات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کئی پولیس ملازمین ہنوز نربھئے ایکٹ قانون سے لاعلم ہیں اور اس سلسلہ میں آگاہ کرنے کیلئے پولیس عہدیداروں کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے۔