شہر میں کھلے عام شراب کی فروخت و مئے نوشی،پولیس کی عدم توجہ

حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں رات دیر گئے مختلف مقامات پر شراب کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ پولیس کی جانب سے ان معلومات کے باوجود ان علاقو ں میں رات کے اوقات میں شراب کی فروخت کے سلسلہ کو روکنے کے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے سبب شہریوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پرانے شہر کے علاقہ پرانا پل کے قریب رات دیر گئے بھی شراب کی فروخت معمول کی بات ہے اور اس عمل کو رکوانے کے لئے متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باجود محکمہ پویس کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی ہے ۔ مقامی عوام کے علاوہ اس راستہ سے گذرنے والوں کا کہناہے کہ رات دیر گئے اس سڑک پر شرابیوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جو کہ شراب خریدنے کے بعد وہیں سڑک کے کسی حصہ پر شراب نوشی میں مصروف ہوتی ہے ۔ پرانا پل مسجد میاں مشک کے روبرو نکالی گئی نئی سڑک جو کہ مغل کا نالہ براہ ضیاء گوڑہ کمیلہ پہنچتی ہے اسی سڑک پر کئی جگہوں پر شراب نوشی کا اڈہ بنا ہوا ہے جس کے سبب لوگ رات کے اوقات میں اس سڑک کے استعمال سے کترا رہے ہیں۔ پرانے پل کے قریب موجود شراب کی دکان کے عقبی حصہ میں موجود ایک اکثریتی طبقہ کی عبادت گاہ کے دروازہ میں رکھ کر رات تین بجے تک بھی اس علاقہ میں شراب کی فروخت کا سلسلہ جاری ہوتا ہے اور اس چوراہے پر پولیس آؤٹ پوسٹ کی موجودگی کے باوجود بھی برسرعام رات دیر گئے شراب کی فروخت اور شراب نوشی کا عمل جاری ہی ہوتا ہے ۔علاقہ سے گذرنے والوں کا کہناہے کہ اکثر مغل کے نالہ سے پرانے شہر کا رخ کرنے والوں کی جانب سے اس سڑک کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن رات دیر گئے دعوتوں سے واپسی میں اس سڑک پر شرابیوں کی جانب سے مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں کیونکہ اس سنسان سڑک پر ٹریفک بہت کم ہوتی ہے جس کے سبب شرابیوں کی ٹولیاں سڑک کے کنارے ہی شراب نوشی میں مصروف ہوا کرتی ہیںجس کے سبب شہری خواتین کے ساتھ اس سڑک سے گذرنے میں خوف محسوس کرتے ہیں اور کیاب ڈرائیورس بھی رات کے اوقات میں اس سڑک کے انتخاب سے اجتناب کرنے لگے ہیں۔محکمہ پولیس کی جانب سے اس علاقہ میں شراب کی فروخت اور شراب نوشی پر کنٹرول کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں پرانا پل سے مغل کا نالہ تک نکالی گئی اس سڑک کو بھی مصروف ترین سڑک بنایا جاسکتا ہے لیکن اس کے لئے محکمہ پولیس کو اس سڑک پر پٹرولنگ میں اضافہ کے علاوہ سڑک کی ابتداء پر ہی فروخت کی جانے والی شراب کو بند کرویا جانا چاہئے کیونکہ رات دیر گئے اس سڑک پر فروخت کی جانے والی شراب کے خریدار ہی اس سنسان سڑک کو بار میں تبدیل کرتے ہیں۔