شہر میں ڈسمبر سے پانی کی روزانہ سربراہی

واٹر سپلائی کے وقت میں 45 منٹ اضافہ متوقع
حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے عوام کے لئے خوشخبری ہے، گزشتہ چند ماہ کے دوران زور دار بارش کی وجہ سے ذخائرآب لبریز ہونے سے توقع ہے کہ اوائل ڈسمبر سے پینے کے پانی کی روزانہ سربراہی ہوگی۔ عثمان ساگر، حمایت ساگر ، مانجر، سنگور، اکم پلی اور یلم پلی ذخائر آب میں وافر پانی کا ذخیرہ ہے۔ واٹر بورڈ عثمان ساگر اور حمایت ساگر ذخائرآب کا پانی محفوظ رکھ رہا ہے۔ شدید گرما کے موسم میں اس سے استفادہ کیا جائے گا۔ تمام ذخائر آب میں پانی کا ذخیرہ اس قدر اطمینان بخش ہے کہ آئندہ دو سال تک پانی کی اطمینان بخش سربراہی ہوسکتی ہے۔ روزانہ پانی کی سربراہی کی شروعات ڈسمبر سے نارائن گوڑہ، مشیرآباد، چلکل گوڑہ، بھولک پور، چکڑپلی اور اڈیکمٹ سے ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، سوماجی گوڑہ، خیریت آباد، امیر پیٹ، سنجیوا ریڈی نگر، ایرا گڈہ اور یلاریڈی گوڑہ میں بھی روزانہ پانی کی سربراہی ہوگی۔ واٹر بورڈ ایس ایم ایس کے ذریعہ صارفین کو روزانہ پانی کی سربراہی کے اوقات کی اطلاع دے گا۔ بعد کے مرحلہ میں جی ایچ ایم سی کے تمام ڈیویژنس میں پینے کے پانی کی روزآنہ سربراہی ہوگی۔ اس وقت واٹر بورڈ ایک دن کے وقفہ سے ایک گھنٹہ پانی کی سربراہی کررہا ہے۔ ڈسمبر سے مزید 45 منٹ پانی کی سربراہی ہوگی۔ واٹر بورڈ توقع کرتا ہے کہ شہری واٹر بلس کی بروقت ادائیگی کریں گے۔