شہر میں ملٹی لیول فنکشن ہالس کی تعمیر

90 کروڑ روپیوں کی منظوری ، ٹنڈرس کی طلبی ، جی ایچ ایم سی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) نے شہر میں 31 عدد ملٹی لیول فنکشن ہالس کی تعمیر کے لیے 90 کروڑ روپیوں کی منظوری دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے جمعہ کو احکامات جاری کرتے ہوئے پراجکٹس کی تعمیر کے لیے ٹنڈرس کی طلبی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 10 اگست تک ٹنڈر مرحلوں کی تکمیل کر کے فوری کام کا آغاز کیا جائے گا ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر نے مزید بتایا کہ ہر ایک ہال تین منزلہ 2000 مربع فٹ پر 2.5 تا 3 کروڑ روپیوں کے تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ جس میں تقریبا ایک ہزار افراد کی گنجائش رہے گی ۔ بلدیہ کے ذرائع کے بموجب یہ فنکشن ہال شادیوں ، نمائش ، اجلاس اور دیگر تقاریب کے لیے کرایہ پر فراہم کئے جائیں گے ۔ اس کے لیے بلدیہ نے پہلے ہی ہالس کی تعمیر کے لیے اراضیات کی نشاندہی کرلیا ہے ۔ پہلے مرحلہ کے تحت 50 عدد فنکشن ہالس تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ اس کے لیے 31 عدد عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی کے 18 سرکلس میں ہر ایک سرکل میں کم از کم 2 عدد ملٹی لیول فنکشن ہالس تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔۔