شہر میں صاف و صفائی نظام کو بہتر بنانے پر توجہ

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کا جائزہ ، کمشنر بلدیہ دانا کشور کا دورہ
حیدرآباد۔8مئی (سیاست نیوز)کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ مسٹر دانا کشور نے اپنے دورہ پرانا شہر کے دوران کشن باغ ‘ بہادر پورہ‘ پراناپل‘ پتھرگٹی ‘ چارمینار اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان علاقوں میں صفائی کے کاموں کو بہتر بنایا جائے۔ مسٹر دانا کشور نے کشن باغ کے دورہ کے دوران کشن باغ پارک کے علاوہ میر عالم پارک کی حالت کا جائزہ لیا اور کہا کہ ان پارکوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے علاوہ ازیں پرانے شہر کے ان علاقوں میں موجود کچہرے کی نکاسی کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے کشن باغ اور بہادر پورہ میں چلائی جانے والی بغیر لائسنس گوشت کی دکانات کو مہر بند کرنے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی اور اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ایک دکان کو مہر بند کروایا جو کہ بغیر لائسنس چلائی جا رہی تھی ۔ مسٹر دانا کشور نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف نصب کئے جانے والے آہنی رکاوٹوں کا معائنہ کیا اور اس سلسلہ میں اے سی پی ٹریفک مسٹر ناگنا سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ آٹو میٹک آہنی رکاٹوں کے استعمال کے سلسلہ میں بھی عملہ کو تربیت کی فراہمی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے علاوہ پتھر گٹی اور مدینہ بلڈنگ کی سڑک پر کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کے علاوہ تاجرین کو سڑکوں پر کچہرا پھینکنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہر حیدرآبا د کو خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ شہر کے اہم اور مصروف ترین بازاروں کو صاف و شفاف بنایاجائے اور شہریوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے سلسلہ میں شعور اجاگر کیا جائے۔مسٹر دانا کشورنے کشن باغ‘ ندی موسی علی گوڑہ کے علاوہ موسی ندی سے متصل رہائشی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ندی میں کچہرا پھینکنے کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ان رہائشی علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے مناسب اقدامات کریں اور اس کے باوجود بھی رہائشی علاقوں سے ندی میں کچہرا ڈالا جاتا ہے تو ایسی صورت میں سخت کاروائی کی جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ رہائشی علاقوں اور ندی کے درمیان آہنی جالیوں کی تنصیب کے اقدامات کے ذریعہ ہی موسی ندی میں پھینکے جانے والے کچہرے کو روکنے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔

آندھراپردیش ہائی کورٹ کی کینٹین کی چھت اڑ کر گرنے کے نتیجہ میں خاتون زخمی
حیدرآباد8مئی(یواین آئی) بارش اور شدید طوفانی ہواوں کے سبب آندھرا پردیش ہائی کورٹ کی کینٹین کی چھت اڑ کر گرنے کے نتیجہ میں ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ یہ واقعہ گزشتہ روز ضلع گنٹور میں پیش آیا۔اس خاتون جس کی شناخت رمنا کے طورپر کی گئی ہے ، ہائی کورٹ کے قریب کینٹین کے قریب کام کررہی تھی کہ اچانک ہائیکورٹ کی کینٹین کی میٹل کی چھت شدید بارش اور طوفانی ہواوں کے سبب اڑ گئی اور اس خاتون پر جاگری جس کے نتیجہ میں یہ خاتون زخمی ہوگئی۔ یہ خاتون ایک کنٹریکٹ لیبر ہے ۔ اس واقعہ کے دس منٹ کے بعد ہی کینٹین کی مکمل چھت گر گئی ۔