شہر میں بے روزگاری کو کم کرنے 250 موٹر کاروں کی اسکیم

ڈرائیور کم اونر اسکیم کے تحت بلدیہ سے درخواستوں کی طلبی ، 3 نومبر ادخال درخواست کی تاریخ
حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ڈرائیور کم اُونر اسکیم کے تحت مزید 250 کار منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر میں موجود بیروزگار نوجوانوں کی شرح میں کمی لائی جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اس منصوبہ کے تحت سابق میں 123 ڈرائیورس کو سوئفٹ گاڑی کی منظوری دیتے ہوئے انھیں گاڑیاں حوالے کی تھیں اور اب اسی منصوبہ کے تحت مزید 250 کار حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ڈرائیونگ کے پیشہ میں دلچسپی رکھنے والے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے منسلک کرتے ہوئے انھیں کار کا مالک بنانے کا جو منصوبہ پیش کیا گیا ہے اُس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہونے کے سبب بلدیہ نے اس اسکیم کو توسیع دیتے ہوئے 250 کاروں کی منظوری کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ جو لوگ اس شعبہ سے منسلک ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ 3 نومبر بروز دوشنبہ 11 بجے صبح تا 2 بجے دن اپنی درخواستیں مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے متعلقہ سرکل دفتر میں داخل کرسکتے ہیں ۔ اسکیم کے استفادہ کنندگان کیلئے ضروری ہے کہ وہ کارکرد ڈرائیونگ لائیسنس بشمول ایک سالہ تجربہ اور اُن کے پاس بیاچ نمبر موجود ہو۔ علاوہ ازیں درخواست گذار کی عمر 18 سال سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہئے ۔ اسکیم کے مطابق درخواست گذار کو جملہ پراجکٹ کا 20 فیصد حصہ جوکہ تقریباً 1 لاکھ روپئے ادا کرنا ہوگا جبکہ مابقی 80 فیصد بینک سے مربوط قرض کے طورپر جاری کرتے ہوئے سوئفٹ کار کی منظوری دی جائے گی ۔ شرائط کے مطابق درخواست گذار کو چاہئے کہ وہ ڈرائیونگ لائیسنس معہ بیاچ نمبر ، PANکارڈ ، آدھار کارڈ ، چار عدد پاسپورٹ سائز فوٹو گراف، شناختی کارڈ ، الکٹریسٹی بل کے ساتھ درخواست داخل کریں ۔ جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ بیروزگار نوجوانوں کو شعبہ ڈرائیونگ سے منسلک کرنے کیلئے جن 250 گاڑیوں کی منظوری فراہم کی جارہی ہے اُن میں جی ایچ ایم سی کے ساتھ خدمات انجام دینے والی خانگی گاڑیوں کے ڈرائیورس کو ترجیح دی جائیگی تاکہ اُنھیں ڈرائیور کے ساتھ ساتھ ایک عدد کار کا مالک بھی بنایا جاسکے اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے کرایہ پر حاصل کردہ گاڑیوں کا کرایہ ان نوجوانوں کو ادا کرتے ہوئے اُنھیں معاشی طورپر مستحکم ہونے کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج جی ایچ ایم سی کی جانب سے حاصل کی گئی نئی سوئفٹ گاڑیوں کا معائنہ کرتے ہوئے جلد از جلد اسکیم کو روبہ عمل لانے کی ہدایت دی ۔