شہر میں ایک اور درگاہ کی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش

درگاہ حضرت سید شاہ بابا بغدادیؒ کی قیمتی 2500 گز
اراضی خطرہ میں ‘ وقف بورڈ حرکت میں آئے
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی نگرانی میں ناکامی کے الزامات کے دوران اب قلعہ گولکنڈہ میں درگاہ سے متصل اوقافی جائیداد پر قبضہ کی کوشش جاری ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ جب سیاسی سرپرستی حاصل ہو تو سرکاری ریکارڈز بھی معنیٰ نہیں رکھتے ۔ جب اوقافی جائیداد کسی اور کے قبضہ میں جاتی ہے اور انہیں حصہ نہیں ملتا یا پھر مبینہ طور پر ان کا کچھ رول نہیں ہوتا تو اس مسئلہ پر ہوا کھڑا کیا جاتا ہے ۔ کچھ اس طرح کے حالات کا سامنا ان دنوں قلعہ گولکنڈہ کے عوام کو کرنا پڑرہا ہے ۔ قلعہ گولکنڈہ کے علاقہ صالح نگر کنچہ میں واقع حضرت سید شاہ بابا بغدادیؒ کی قیمتی 2500 گز اراضی پر ناجائز قبضہ کی کوشش جاری ہے ۔ درگاہ شریف کے قریب مسجد واقع ہے اور مسجد کا راستہ بھی اس اراضی سے ہو کر گذرتا ہے ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ لینڈ گرابرز نے درگاہ اور مساجد کی اراضی کو تک نہیں چھوڑا اور پھر ملت کی دہائی دیتے ہیں ۔ مسجد تک پہونچنے مقامی عوام کو راستہ فراہم کرنے کی بجائے ناجائز قبضہ کرکے راستہ کو ہی بند کردیا جارہا ہے ۔ ان کے خلاف ایسی سرگرمیوں پر روک لگانے والا کوئی نہیں ۔ مقامی عوام ان قابضین کی کھل کر مخالفت سے گھبراتے ہیں ۔ مقامی عوام کا دعویٰ ہے کہ اس درگاہ شریف سے متعلق مذکورہ اراضی وقف گزٹ میں درج ہے اور یہ درج اوقاف جائیداد کو بچانے میں اس کا تحفظ کرنے میں وقف بورڈ بھی ناکام ثابت ہورہا ہے ۔ مقامی عوام نے وقف بورڈ کے ذمہ داروں سے پہل کرتے ہوئے اوقافی جائیداد کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے دیگر صورت بڑے پیمانے پر احتجاج کا انتباہ دیا ہے ۔