شہر اور مضافات میں اونٹ کے گوشت کی فروخت میں کمی

ویٹرنری سرٹیفکٹ کے نام ہراسانی، ذبح کی اجازت کے باوجود تاجرین خوف و ہراس کا شکار

حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران اونٹ کو ذبح کرتے ہوئے فروخت کرنا شہر حیدرآباد کی قدیم روایات میں ہے اور لوگ ماہ رمضان المبارک کے دوران اونٹ کے گوشت کا استعمال کرتے ہیں لیکن بہت کم اس کا استعمال ہوتا ہے مگر گذشتہ چند برسوں سے شہر حیدرآباد میں ذبح کرنے کیلئے لائے جانے والے اونٹوں کے ویٹرنری سرٹیفیکیٹ کے سلسلہ میں پیدا کئے جانے والے مسائل کے سبب اونٹ کے گوشت کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران ایک اندازے کے مطابق صرف شہر حیدرآباد میں 1000 سے زائد اونٹ ذبح کئے جاتے ہیں لیکن گذشتہ چند برسوں سے اونٹوں کو پکڑنے اور ان کے سرٹیفیکیٹ طلب کئے جانے کے سبب زیادہ اونٹ ذبح نہیں کئے جا رہے ہیں اور شہر حیدرآباد کی مسلم غالب آبادیوں میں بعض افراد اونٹ ذبح کرتے ہوئے فروخت کر رہے ہیں جبکہ اونٹ کے گوشت کی فروخت پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی تاجرین کو ہراسانی کے سبب وہ اونٹ کو ذبح کرنے اور گوشت فروخت کرنے سے خائف ہیں اور ان کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کے کچھ علاقوں میں کوئی مسائل نہیں ہو رہے ہیںجبکہ نواحی اور مضافاتی علاقوں میں جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبوں کی جانب سے ہراسانی کی شکایات عام ہیں۔تاجرین کے مطابق ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی شمالی ہند کی ریاستوں بالخصوص راجستھان اور اتر پردیش سے اونٹ شہر منتقل کئے جاتے ہیں اور ان کی فروخت کا عمل شروع ہوجاتا ہے اور جب صحتمند اونٹ مکمل فروخت کر دیئے جاتے ہیں تو ان کے ذبح اور گوشت کی فروخت کا عمل شروع ہوتا ہے لیکن گذشتہ چند برسوں سے کی جانے والی سختیوں کے سبب اونٹ کی منتقلی ہی محال ہوچکی ہے اور جو لوگ اونٹ شہر لاکر فروخت کیا کرتے تھے ان لوگوں کو بھی مسائل پیدا ہونے کے سبب وہ بھی شہر آنے میں ڈر محسوس کرنے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ جو چرواہے اپنے اونٹ کی فروخت کے لئے شہر پہنچ رہے ہیں ان سے ذبیحہ کیلئے سرٹیفیکیٹ طلب کئے جانے کے سبب انہیں بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور ان سے گوشت کی فروخت کیلئے اونٹ خریدنے والوں کی جانب راست جانور کی خریدی سے اجتناب کیا جار ہاہے اور کہا جا رہاہے کہ جانور کے ذبیحہ کے بعد ہی اس کی رقم ادا کی جائے گی ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآبا دمیں اونٹ کے ذبیحہ پر کوئی امتناع نہیں ہے لیکن قانونی ذبیحہ کو یقینی بنانے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اقدامات کئے جاتے ہیں۔